دہلی شہر

کرشی بھون کمپلیکس میں واقع 100 سال پرانی مسجد کو ہٹانے کامرکزی حکومت کا فرمان

نئی دہلی،،سماج نیوز:مرکزی حکومت نے دہلی ہائی کورٹ سے کہا ہے کہ کرشی بھون کمپلیکس میں واقع 100 سال پرانی مسجد کو منہدم کیا جانا چاہیے۔ حکومت کے مطابق سرکاری دفتر کے احاطے پر مستقل مذہبی ڈھانچہ قائم کرنا یا اسے برقرار رکھنا ناقابل قبول اور سرکاری املاک کی سیکولر نوعیت سے مطابقت نہیں رکھتا۔ حکومت نے کہا کہ سینٹرل وسٹا ری ڈیولپمنٹ ماسٹر پلان میں کامن سینٹرل سیکریٹریٹ (CCS) کی عمارتوں 4 اور 5 کی دوبارہ ترقی شامل ہے۔ یہ منصوبہ قومی حکمرانی کے لیے درکار بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کے لیے اہم ہے۔ قدیمی مسجد منصوبے کی جگہ پر واقع ہے اور اس پر عمل درآمد کے لیے اسے ہٹانا ضروری ہے۔ ہاؤسنگ اور شہری امور کی وزارت کے تحت لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (L&DO) نے ایک حلف نامہ میں یہ بات کہی۔ یہ حلف نامہ مسجد کے متولیوں کی جانب سے مسماری کو روکنے کی درخواست کے جواب میں داخل کیا گیا تھا۔ حکومت نے کہا کہ کرشی بھون اور مرکزی سیکرٹریٹ کمپلیکس سیکولر عوامی احاطے ہیں جو خصوصی طور پر سرکاری، انتظامی اور عوامی خدمات کے کاموں کے لیے وقف ہیں۔ مرکز نے یہ بھی بتایا کہ ڈاکٹر راجندر پرساد روڈ پر واقع مسجد سرکاری زمین پر ہے۔ نومبر 1940 میں طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت صرف مسجد کے طور پر استعمال کی اجازت دی گئی تھی، جس میں زمین پر کوئی حق یا مفاد نہیں تھا۔ مرکز نے واضح کیا کہ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت کسی بنیادی حق کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے۔ حکومت نے نشاندہی کی کہ کرشی بھون کے دو کلومیٹر کے دائرے میں واقع شاہی مسجد جبتہ گنج پوری طرح سے کام کر رہی ہے۔ قدیمی مسجد 100 سال سے زیادہ پرانی ہے اور اسے سینٹرل وسٹا کی بحالی کے منصوبے کے ایک حصے کے طور پر منہدم کیا جانا ہے۔ درخواست گزاروں کے وکیل نے پہلے کہا تھا کہ وہ ری ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کو روکنا نہیں چاہتے۔
وہ نئے ڈھانچے میں صرف نماز کی سہولت کے خواہاں تھے، کیونکہ قدیمی مسجد کئی دہائیوں سے سرکاری ملازمین کی عبادت گاہ رہی تھی۔ جسٹس انیش دیال کے حکم کے بعد داخل کیے گئے اس حلف نامہ پر اب 23 نومبر کو سماعت ہوگی۔