دہلی شہر

مسلم راشٹریہ منچ کی 25 ویں سالگرہ تقریبات ملک گیر سطح پر منانے کا فیصلہ

نئی دہلی،27نومبر،پریس ریلیز،ہمارا سماج: مسلم راشٹریہ منچ کے رہنما اندریش کمار نے 24 نومبر کو منعقدہ تنظیم کی ماہانہ آن لائن میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کارکنوں سے اتحاد، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے پیغام کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم گزشتہ 24، 25 برسوں میں مسلسل آگے بڑھی ہے اور آج اس کی سرگرمیاں بڑے شہروں سے نکل کر قصبوں اور دیہات تک پہنچ رہی ہیں۔ میٹنگ کا آغاز قاری عرفان کچوچھوی کی تلاوت قرآن سے ہوا، جبکہ قومی کنوینر ابوبکر نقوی نے تنظیمی دعا پیش کی۔ محمد افضل نے میٹنگ کی کارروائی اور آئندہ پروگراموں کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 24 دسمبر سے مسلم راشٹریہ منچ کا سلور جوبلی سال شروع ہو رہا ہے۔ اس مناسبت سے 16 سے 30 دسمبر تک ملک بھر میں مختلف شہروں اور قصبوں میں تقریبات منعقد کرنے کی اپیل کی گئی۔اپنے خطاب میں اندریش کمار نے کہا کہ تہوار سماج میں امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا پیغام دیتے ہیں اور روزگار و کاروبار کے مواقع بھی پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے گواہاٹی، اندور اور لکھنؤ سمیت مہاراشٹر، بنگال اور انڈمان و نکوبار میں منعقدہ تنظیمی پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جائے اور ائمہ و دانشوروں کے ساتھ بھی رابطے بڑھائے جائیں۔ انہوں نے پنجاب، اترپردیش، اتراکھنڈ اور تلنگانہ میں ووٹر بیداری مہم کو اہم قرار دیتے ہوئے کارکنوں سے چھوٹی چھوٹی ٹیمیں تشکیل دے کر سرگرمی سے کام کرنے کی اپیل کی۔ بنگلہ دیش اور پاکستان کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے ہندوستان میں امن، اتحاد اور قومی یکجہتی برقرار رکھنے پر زور دیا۔ اندریش کمار نے تنظیم کے نظریات، گنگا جمنی تہذیب، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کو عام کرنے کے لیے مؤثر لٹریچر تیار کرنے کی ضرورت بھی اجاگر کی۔ اس سلسلے میں 5 اور 6 دسمبر کو کاشی میں خصوصی میٹنگ منعقد ہوگی، جس میں آئندہ سال کے پروگراموں اور ادبی و تنظیمی ذمہ داریوں کا خاکہ تیار کیا جائے گا۔