دہلی میں ریلوے کی ترقی پر ریکارڈ 2,711 کروڑ روپے خرچ کرنے کا منصوبہ
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے اتنی بڑی رقم مختص کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کا شکریہ ادا کیا
نئی دہلی، (یواین آئی) دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بدھ کے روز کہا کہ راجدھانی میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور مسافروں کی سہولیات میں توسیع کے لیے مالی سال 2026-27 میں ریکارڈ 2,711 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔محترمہ گپتا نے ریلوے کی ترقی کے لیے اتنی بڑی رقم مختص کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی اور ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا یہ قدم راجدھانی کے لاکھوں ریل مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے اور دہلی کے رابطوں کو مضبوط بنانے میں اہم ثابت ہوگا۔ وزیر اعظم کے وکست بھارت کے عزم کے مطابق مرکزی اور دہلی حکومت مل کر راجدھانی کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے کے لیے پابند عہد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی دہلی-وارانسی وندے بھارت سلیپر ٹرین کے آغاز سے دہلی اور اتر پردیش کے اہم شہروں کے درمیان ریل رابطے کو ایک نئی جہت ملے گی۔ یہ ٹرین علی گڑھ، غازی آباد، کانپور اور پریاگ راج سے ہوتے ہوئے وارانسی تک جائے گی۔ جدید سہولیات سے آراستہ اس ٹرین میں خودکار دروازے، ‘کَوچ’ حفاظتی نظام اور آرام دہ برتھ دستیاب ہیں۔ اس سے سیاحت، تجارت اور مذہبی سفر کو فروغ ملنے کے ساتھ علاقائی آمد و رفت بھی آسان ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریل خدمات کی توسیع اور حفاظتی انتظامات مضبوط ہونے سے دہلی کا ریلوے نیٹ ورک مزید بہتر ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ دہلی میں تقریباً 8,976 کروڑ روپے کے ریلوے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت راجدھانی کے 13 ریلوے اسٹیشنوں کی ازسرنو ترقی کی جا رہی ہے۔ ان میں نئی دہلی، پرانی دہلی، حضرت نظام الدین، آنند وہار ٹرمینل، دہلی کینٹ، دہلی سرائے روہیلا، دہلی شاہدرہ، نریلا، صفدرجنگ، بجواسن، سبزی منڈی، تلک برج اور آدرش نگر دہلی شامل ہیں۔ ان اسٹیشنوں پر جدید اسٹیشن عمارت، داخلے اور باہر نکلنے کے بہتر انتظامات، انتظار گاہیں، بیت الخلا، پینے کا پانی، پلیٹ فارم شیڈ، فٹ اوور برج، لفٹ اور ایسکلیٹر جیسی سہولیات تیار کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ پارکنگ، معذور افراد کے لیے آسان رسائی اور مسافروں کے لیے اطلاعاتی نظام کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر اجمیر گیٹ کی جانب ہولڈنگ ایریا کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور آئندہ کام کے تحت ڈبل بیسمنٹ اور ایلیویٹڈ روڈ کی بنیاد کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ حضرت نظام الدین اسٹیشن پر سرائے کالے خاں کی جانب دوسرے داخلی دروازے کی ازسرنو ترقی کی جا رہی ہے، جہاں سیڑھیوں، ایسکلیٹر، لفٹ، ٹکٹ بکنگ دفتر اور فٹ اوور برج کی توسیع ہوگی۔ دہلی کینٹ، صفدرجنگ اور بجواسن اسٹیشنوں پر بھی تعمیر اور جدید کاری کے کام آگے بڑھ رہے ہیں۔ وہیں نریلا، سبزی منڈی اور تلک برج سمیت دیگر اسٹیشنوں پر نئی عمارتوں، پلیٹ فارموں، جدید بیت الخلا، پارکنگ اور مسافروں کی سہولیات کو ترقی دی جا رہی ہے۔
