عالمی تجارتی میلے میں افغانستان میوہ کے اسٹال پر خریداروں کا ہجوم
نئی دہلی،،سماج نیوز: انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر میں ان دنوں انٹرنیشنل پویلین میں افغانستان توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ کیونکہ یہاں کے ڈرائی فروٹ شروع سے ہی ہندوستانی خریداروں کی پہلی پسند مانے جاتے ہیں۔ بھارت میں قابلی والا سے مشہور افغانیوں کا کردار برسوں سے ہندوستانیوں کے تئیں دوستانہ، محبت اور وفاداری کے لیے جانا جاتا ہے۔ خاص طور پر ان دنوں جس طریقے سے ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات خراب ہوئے ہیں اس سے افغانیوں کو سب سے بڑا فائدہ پہنچتا نظر آرہا ہے۔ انٹرنیشنل پویلین میں یوں تو ڈرائی فروٹ کے مختلف اسٹال ہیں۔افغانستان زیبا میوہ خشک کے مالک جمشید بیگ نے نمائندے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ سالوں کے مقابلے اس مرتبہ افغانیوں کے اسٹال کو زیادہ جگہ مہیا کرائی گئی ہے۔ تو وہیں مینٹی نینس بھی بہت اچھا ہے۔ نہ صرف مجھے بلکہ کسی بھی افغانی کو حکومت ہند کے ساتھ ساتھ عالمی تجارتی میلہ انتظامیہ کی جانب سے بھی کوئی پریشانی نہیں ہو رہی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ انڈیا اور افغانستان میں گذشتہ دنوں کاروبار میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ افغانی ہمیشہ ہندوستانیوں کو بھائی سمجھتے ہیں اور ہندوستان بھی اس دوستی کی مثال دیتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں جمشید نے بتایا کہ رشتے اور کاروبار کے معاملے میں پاکستان ایک دم زیرو پر آگیا ہے۔ جبکہ ہندوستان سے نہ صرف تجارتی بلکہ سرکاری سطح پر رشتوں میں بہتری آئی ہے اور اس کا فائدہ سیدھے طور پر تاجروں کو پہنچ رہا ہے۔ حالانکہ میں کافی برسوں سے ہندوستان میں ڈرائی فروٹ کا کاروبار کرتا ہوں۔ مگر اس مرتبہ اچھے کاروبار کی امید ہے۔کیونکہ اب تک شروعاتی دنوں میں اچھا بزنس نظر آرہاہے۔
