دہلی شہر

اردو اکادمی کا 36ویں ڈراما فیسٹول کا جاری

مولیئر کا شہرۂ آفاق مزاحیہ ڈراما ’’کنجوس‘‘ پیش، فنکاروں کی عمدہ اداکاری نے ناظرین کو محظوظ کیا

نئی دہلی،،پریس ریلیز،ہمارا سماج:اردو اکادمی، دہلی کے زیرِ اہتمام جاری 36ویں اردو ڈراما فیسٹول کے دوسرے دن مشہور فرانسیسی ڈراما نگار مولیئر کے شہرۂ آفاق مزاحیہ ڈرامے ’’دی میزر‘‘ کا اردو اسٹیج روپ ’’کنجوس‘‘ پیش کیا گیا۔ درشیم ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام پیش کیے گئے اس ڈرامے کی ہدایت کاری محترمہ سمپا منڈل نے کی۔ ڈرامے نے اپنی دلچسپ کہانی، برجستہ مکالموں، عمدہ اداکاری اور مزاحیہ مناظر کے ذریعے ابتدا سے اختتام تک ناظرین کو محظوظ کیا۔ ڈرامے کی پیشکش سے قبل نظامت کے فرائض اطہر سعید نے انجام دیے۔انھوں نے اپنی گفتگو کے دوران اردو ڈرامے کی تاریخ، بالخصوص اسٹیج ڈرامے کی روایت اور اس کے ارتقا پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے اردو کے چند منتخب اور معروف ڈراموں کا ذکر بھی کیا، جو اپنی ادبی و فنی اہمیت کے اعتبار سے آفاقی ڈراموں کی فہرست میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ڈرامے کا آغاز موسیقی کے ساتھ ہوا۔ تین مناظر پر مشتمل اس مزاحیہ ڈرامے میں پانچ سے چھ مرکزی کرداروں کے ساتھ تقریباً دس ضمنی کردار بھی شامل تھے۔ کہانی کا مرکزی کردار مرزا سخاوت بیگ ہے، جو دولت کی محبت اور غیر معمولی کنجوسی میں اس قدر گرفتار ہے کہ اس کے لیے خاندانی رشتوں اور انسانی جذبات سے زیادہ اہمیت مال و دولت کی ہے۔ اس کے دو بچے ہیں بیٹا فاروق اور بیٹی عذرا۔ عذرا اپنے والد کے ملازم ناصر سے محبت کرتی ہے، جبکہ فاروق مریم کو پسند کرتا ہے۔ دلچسپ صورتِ حال اس وقت پیدا ہوتی ہے جب مرزا سخاوت بیگ خود بھی مریم سے شادی کرنے کا خواہش مند ہوتا ہے۔ ڈرامے میں فرزینہ کا کردار بھی خاص طور پر قابلِ ذکر رہا، جو رشتے کروانے کا کام کرتی ہے۔ اس کی مزاحیہ انداز میں آمد اور برجستہ گفتگو نے کئی مناظر کو دلچسپ بنا دیا۔ کہانی میں محبت، خاندانی رشتوں، دولت کی ہوس اور خود غرضی کو مزاحیہ پیرائے میں پیش کیا گیا ہے۔ ڈرامے کا آخری حصہ ایک غیر متوقع انکشاف کے باعث مزید دلچسپ ہو جاتا ہے۔ چوری شدہ مال کی برآمدگی کے مرحلے پر مرزا اسلم بیگ کی آمد ہوتی ہے، جن سے مرزا سخاوت بیگ اپنی بیٹی عذرا کا رشتہ طے کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم بعد میں انکشاف ہوتا ہے کہ مرزا اسلم بیگ دراصل مرزا نسیم ہیں، جو ناصر کے برسوں پہلے بچھڑ جانے والے والد ہیں۔
اسی موقع پر ناصر کو یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ مریم اس کی بہن ہے۔ اس طرح ایک بچھڑا ہوا خاندان دوبارہ مل جاتا ہے اور ڈرامے کا اختتام خوش گوار انداز میں ہوتا ہے۔
اس ڈرامے کی اصل ادبی اہمیت اس کے مصنف مولیئر سے بھی وابستہ ہے، جو سترہویں صدی کے مشہور فرانسیسی ڈراما نگار اور اداکار تھے۔ ان کا ڈراما ’’دی میزر‘‘ پہلی مرتبہ 1668 میں پیرس میں پیش کیا گیا تھا۔ مولیئر نے تقریباً ساڑھے تین سو برس قبل اس ڈرامے میں انسانی فطرت کی ایک بڑی کمزوری، یعنی دولت کی بے پناہ ہوس اور حد سے بڑھی ہوئی کنجوسی کو موضوع بنایا تھا۔انھوں نے طنز و مزاح کے ذریعے یہ واضح کیا کہ جب انسان کے لیے دولت ہی سب کچھ بن جائے تو محبت، خاندانی رشتے اور انسانی اقدار پس پشت چلی جاتی ہیں۔ اس ڈرامے کی خوبی یہ ہے کہ اس میں پیش کی گئی انسانی کمزوریاں آج بھی ہمارے معاشرے میں مختلف صورتوں میں دیکھی جا سکتی ہیں۔ یہی اس کی آفاقی معنویت اور دیرپا ادبی اہمیت ہے۔
ڈرامے میں مرزا سخاوت بیگ سمیت تمام کرداروں کو فنکاروں نے خوبصورتی اور مہارت کے ساتھ نبھایا۔ بالخصوص ارچت مالکوٹی، انل موریہ، گگن چودھری، خوشبو، آیوشی پٹنائک اور پرینکا کماری کی اداکاری قابلِ ستائش رہی۔ فنکاروں کے برجستہ مکالموں، کرداروں سے ہم آہنگ اداکاری اور مزاحیہ انداز نے ڈرامے کو ابتدا سے آخر تک دلچسپ بنائے رکھا۔ مجموعی طور پر یہ ایک بھرپور مزاحیہ پیشکش تھی جس نے ناظرین کو خوب محظوظ کیا۔
ڈرامے کے اختتام پر اکادمی کے سینئر کارکنان جناب محمد ہارون اور جناب عزیر حسن قدوسی نے ہدایت کار محترمہ سمپا منڈل کو پودا پیش کرکے ان کی فنی کاوشوں کو سراہا اور حوصلہ افزائی کی۔