Featured

ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2027 کے لیے دوطرفہ معاہدے پر دستخط ثبت

آئندہ سال ہندوستان سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 75 ہزار 25 عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے

جدہ میں واقع ہندوستانی قونصل خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس معاہدے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ حج 2027 کے لیے ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا گیا ہے۔ معاہدے کے تحت ہندوستان کے لیے 1,75,025 عازمین کا کوٹہ یقینی بنایا گیا ہے۔قونصل خانے کے مطابق دونوں وزرا کے درمیان ہونے والی ملاقات میں حج سفر سے متعلق مختلف انتظامات، انتظامی ترجیحات اور ہندوستانی عازمین کے لیے محفوظ، آسان اور بہتر سفر کو یقینی بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر زور دیا کہ حج کے دوران عازمین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے باہمی تال میل اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

مرکزی وزیر کرن رجیجو جمعہ کو جدہ پہنچے تھے۔ ان کے دورے کا مقصد چھٹی حج کانفرنس اور نمائش 2027 میں شرکت کرنا، سعودی عرب کے ساتھ حج معاہدے پر دستخط کرنا اور آئندہ سال ہندوستانی عازمین حج کے لیے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔ اپنے دورے کے دوران رجیجو نے حج عازمین کی فلاح و بہبود کے لیے سعودی عرب کی مسلسل کوششوں اور عزم کی ستائش کی۔ انہوں نے ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے حج 2027 کو کامیاب بنانے کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا بھی اظہار کیا۔

کرن رجیجو نے ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ انہوں نے ہندوستانی قونصل جنرل فہد سوری اور جوائنٹ سکریٹری (حج) محمد افضل کے ساتھ جدہ میں منعقدہ چھٹی حج کانفرنس اور نمائش 2027 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ حج عازمین کی فلاح و بہبود اور حج 2027 کے کامیاب انعقاد کے لیے ہندوستان اور سعودی عرب کی شراکت داری کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔