Featured

شیخ حسینہ کی حوالگی ان کے اور بنگلہ دیشی حکومت کے درمیان کا معاملہ: ہندوستان

نئی دہلی،  (یواین آئی) ہندوستان نے بنگلہ دیش کی جلاوطن رہنما اور سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حوالگی کے معاملے پر اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سابق وزیر اعظم اور بنگلہ دیشی حکومت کے درمیان کا معاملہ ہے۔ہندوستان نے بنگلہ دیش میں اقلیتوں کو نشانہ بنا کر تشدد کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے ذمہ دار لوگوں کے خلاف کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے بدھ کو یہاں معمول کی میڈیا بریفنگ میں محترمہ حسینہ کی حوالگی اور ان کی وطن واپسی کے اعلان سے متعلق سوالات کے جواب میں کہا کہ یہ معاملہ سابق وزیر اعظم اور وہاں کی حکومت کے درمیان کا ہے اور اس بارے میں ان کے پاس اس کے علاوہ کچھ اور کہنے کو نہیں ہے۔محترمہ حسینہ کی حوالگی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کی جانب سے حوالگی کی جو درخواست موصول ہوئی ہے، اس کی مقررہ طریقہ کار کے تحت جانچ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جہاں تک کسی شہری کے اپنے ملک واپس آنے اور اس کے لیے درکار سفری دستاویزات کا سوال ہے، تو یہ حوالگی کی درخواست سے الگ معاملہ ہے۔ترجمان نے بنگلہ دیش میں تشدد کے واقعات کے بارے میں کہا، تشدد کے جو واقعات پیش آئے ہیں، جن میں اقلیتوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، ہم ان پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں اور بنگلہ دیشی حکومت سے توقع کرتے ہیں کہ ان معاملات کی تحقیقات کی جائیں گی اور ان کے پیچھے ملوث لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔دونوں ملکوں کے درمیان گنگا آبی تقسیم معاہدے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ اس طرح کے معاملات کے لیے ایک طے شدہ نظام موجود ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان اس مقصد کے لیے ایک مشترکہ دریائی کمیشن ہے، جو گنگا سمیت تمام دریاؤں سے متعلق معاملات پر نظر رکھتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان 1996 میں ہوئے اس معاہدے کی مدت آئندہ 12 دسمبر کو ختم ہو رہی ہے۔