Featured

امیتابھ بچن کی رہائش گاہ، بی ایم سی ہیڈکوارٹر اور میٹرو اسٹیشنوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی

ممبئی،  (یو این آئی) مہاراشٹر میں برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے ہیڈکوارٹر، میئر دفتر اور معروف بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن کی جوہو واقع رہائش گاہ ‘جلسہ’ کو بم سے اڑانے کی دھمکی بھرا ای میل موصول ہونے کے بعد جمعرات کو ممبئی میں سکیورٹی ایجنسیوں کو ہائی الرٹ پر کر دیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے۔حکام کے مطابق یہ دھمکی بھرا ای میل صبح بلدیاتی ادارے کی سرکاری ای میل آئی ڈی پر آیا۔ ای میل بھیجنے والے نے بی ایم سی ہیڈکوارٹر اور مسٹر بچن کے بنگلے کے علاوہ مہالکشمی علاقے، مہالکشمی ریس کورس اور ممبئی میٹرو اسٹیشنوں پر بھی بم رکھے جانے کا دعویٰ کیا۔ممبئی پولیس نے اس پیغام کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور بتائے گئے مقامات پر سکیورٹی جانچ اور تلاشی شروع کر دی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ چار مہینوں میں بلدیاتی ادارے کو موصول ہونے والا یہ اس طرح کا پانچواں دھمکی بھرا ای میل ہے، جس کے پیش نظر سائبر اور پولیس ٹیموں نے بار بار بھیجے جا رہے ان پیغامات کے ماخذ اور مقصد کا پتہ لگانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مسٹر بچن کی رہائش گاہ کو پہلے بھی اسی طرح کا بم کی دھمکی بھرا ای میل موصول ہوا تھا، جس کے بعد ‘جلسہ’ کے باہر سیکورٹی سخت کر دی گئی تھی اور اداکار نے اپنے معمول کے اتوار کے پروگرام کے دوران بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے مداحوں کا استقبال کیا تھا۔ یہ پیش رفت شہر میں فلمی شخصیات کی سکیورٹی کے حوالے سے بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان سامنے آئی ہے، جہاں حالیہ دنوں میں اداکار سلمان خان، ٹائیگر شروف اور فلم ساز روہت شیٹی سے جڑی دھمکیوں اور فائرنگ کے واقعات درج کیے گئے ہیں۔