یوم پیدائش پرپنڈت جواہر لال نہرو کوخراج عقیدت پیش
نئی دہلی :کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت سمیت پارٹی کے کئی سرکردہ رہنماؤں نے پنڈت جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش پر ان کی یادگار ’شانتی ون‘ پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ کانگریس پارٹی کے آفیشل ’ایکس‘ ہینڈل پر سونیا گاندھی اور ملکارجن کھڑگے کی ویڈیوز کے ساتھ الگ الگ پیغامات جاری کیے گئے۔
پارٹی نے ملکارجن کھڑگے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ’شانتی ون‘ پہنچ کر انہیں پھولوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آج پورا ملک جدید ہندوستان کے معمار پنڈت نہرو کو یاد کر رہا ہے۔‘‘ سونیا گاندھی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا کہ ’’ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے ’شانتی ون‘ پہنچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اپنی دوراندیشی اور بہترین قیادت سے ملک کی ترقی میں غیر معمولی تعاون دینے والے نہرو جی ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں۔
کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ’ایکس‘ پر جواہر لا نہرو کی تقریر کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ہندوستان کی آزادی سے لے کر ایک مضبوط، جدید، جمہوری اور ترقی پسند ملک کی بنیاد رکھنے میں تاریخی کردار ادا کرنے والے ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’آزادی کے بعد متعدد چیلنجز کے درمیان انہوں نے اپنی دوراندیش سوچ، مضبوط قیادت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ہندوستان کی سماجی، سیاسی اور معاشی ترقی کو نئی سمت دی۔
