سکیورٹی فورسز کے ساتھ مڈبھیڑ میں لشکر طیبہ کا مطلوب کمانڈر محمد لطیف بٹ ہلاک
ایک مقامی مسجد کے اندر موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز نے محاصرہ اور تلاشی مہم شروع کی تھی
سری نگر، (یو این آئی) جموں و کشمیر میں جنوبی کشمیر کے ضلع کلگام کے زنگل پورہ گاؤں میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جاری مڈبھیڑ میں بدھ کے روز کالعدم دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کا مطلوب کمانڈر محمد لطیف بٹ مارا گیا۔اعلیٰ سیکورٹی حکام نے یہ اطلاع دی ہے۔دہشت گرد بٹ پر کئی حملوں میں ملوث ہونے کا الزام تھا، جن میں حال ہی میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے جوانوں پر ہوا حملہ اور جنوبی کشمیر میں ایک پولیس ہیڈ کانسٹیبل اور غیر مقامی مزدوروں کا قتل شامل ہے۔
یہ مڈبھیڑ کلگام کے زنگل پورہ گاؤں میں پیش آیا جہاں سکیورٹی فورسز نے ایک مقامی مسجد کے اندر ایک دہشت گرد کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے کے بعد محاصرہ اور تلاشی مہم شروع کی تھی۔حکام نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے ایل ای ٹی کمانڈر بٹ سے ہتھیار ڈالنے کی اپیل کی لیکن اس نے انکار کر دیا۔ اس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں وہ مارا گیا۔ بٹ پر 15 لاکھ روپے کا انعام تھا۔اس سے قبل، کلگام کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) عنایت علی چودھری نے بتایا کہ جموں و کشمیر پولیس کو موصول ہونے والی خفیہ اطلاع کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ علاقے کا محاصرہ کر لیا گیا تھا اور بٹ کو ہتھیار ڈالنے پر آمادہ کرنے کے لیے کئی بار کوششیں کی گئیں، جن میں ویڈیو کال بھی شامل تھی۔
ایس ایس پی نے صحافیوں کو بتایا، “ہم نے اس کے ساتھ ویڈیو کال پر بات کی۔ میرے اور 9 راشٹریہ رائفلز کے کمانڈنگ آفیسر کے درمیان اس سے طویل گفتگو ہوئی۔ ہم نے اسے ہتھیار ڈالنے کے لیے منانے کی کوشش کی اور کہا کہ ابھی اس کی زندگی بہت باقی ہے، لیکن اس نے ایک نہ سنی۔”
مسٹرچودھری کے مطابق بار بار ہتھیار ڈالنے کے اعلانات کے باوجود بٹ ایک مسجد میں چھپا رہا۔ بعد ازاں اس نے دیر رات تقریباً 2:45 بجے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کر دی، جس سے تصادم شروع ہو گیا۔
انہوں نے کہا، “مسجد ہونے کی وجہ سے ہم نے انتہائی صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ مسجد محاصرے والے علاقے کے عین درمیان میں واقع ہے اور ایک دہشت گرد اس کے اندر سے فائرنگ کر رہا ہے۔”ایس ایس پی نے کہا کہ مذہبی مقام کو کم سے کم نقصان پہنچاتے ہوئے دہشت گرد کو مار گرانے کے لیے سکیورٹی فورسز تمام ممکنہ متبادل پر غور کر رہی ہیں۔ مسٹر چودھری نے کہا، “ہم وقت آنے پر دہشت گرد کو ڈھیر کر دیں گے۔ وقت ہمارے حق میں ہے اور ہمارے پاس کافی وقت ہے۔”پیر کے بعد سے ضلع کلگام میں یہ دوسری مڈبھیڑ ہے۔ اس دن تصادم کے دوران فائرنگ میں بٹ کے مبینہ ساتھی عمر نثار ڈار کی موت ہو گئی تھی۔دہشت گرد بٹ گزشتہ 16 نومبر کو ہونے والی مڈبھیڑ کے دوران جان بچا کر مبینہ طور پر فرار ہو گیا تھا۔
