ڈسٹری بیوٹرز سے اختلاف کے باعث رنبیر کپور کی فلم ’رامائن‘ ریلیز نہ کرنے کا بنگلورو کے وجے سنیما کا فیصلہ
بنگلورو(ایجنسیز ) بنگلوروکے سنگل اسکرین تھیٹر وجے سنیما نے اعلان کیا ہے کہ وہ فلم کو اپنے یہاں ریلیز نہیں کرے گا۔ تھیٹر انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ فلم کے ڈسٹری بیوٹرز کے ساتھ آمدنی کی تقسیم کے معاملے پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔وجے سنیما کا کہنا ہے کہ وہ فلموں کی نمائش کے لیے آمدنی میں طے شدہ فیصد کے مطابق حصہ داری کے ماڈل پر کام کرتا ہے۔ اس نظام کے تحت فلم کی نمائش سے حاصل ہونے والی آمدنی تھیٹر اور ڈسٹری بیوٹرز کے درمیان طے شدہ تناسب کے مطابق تقسیم کی جاتی ہے۔ تاہم، ’رامائن‘ کے ڈسٹری بیوٹرز اس شرط پر فلم ریلیز کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
تھیٹر کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ فلم کو ریلیز نہ کرنے کا فیصلہ اس کی کہانی یا موضوع کے خلاف نہیں ہے، بلکہ اس کی بنیادی وجہ کاروباری شرائط اور آمدنی کی تقسیم کا معاملہ ہے۔ انتظامیہ نے کہا کہ وہ اپنے طے شدہ کاروباری اصولوں کے مطابق کام کرتا ہے اور اس معاملے میں بھی اسی پالیسی پر قائم ہے۔
وجے سنیما نے یہ بھی بتایا کہ اس سے پہلے وہ اداکار تھلاپتی وجے کی فلم ’جن نائیکن‘ اور اداکار یش کی آنے والی فلم ’ٹاکسک‘ کے معاملے میں بھی اسی طرح کا موقف اختیار کر چکا ہے۔ تھیٹر انتظامیہ کے مطابق کسی مخصوص فلم کو نشانہ بنانا اس کا مقصد نہیں ہے، بلکہ وہ تمام فلموں کے لیے آمدنی کی تقسیم کے اپنے طے شدہ اصولوں پر عمل کرتا ہے۔واضح رہے کہ ہدایت کار نتیش تیواری کی فلم ’رامائن‘ ہندوستانی رزمیہ داستان پر مبنی ہے اور اس کا شمار رواں سال کی سب سے زیادہ زیرِ بحث فلموں میں کیا جا رہا ہے۔ فلم میں رنبیر کپور بھگوان رام، سائی پلوی سیتا اور یش راون کے کردار میں نظر آئیں گے۔
