پاکستان میں اقلیتی لڑکیوں کے اغوا اور جبری تبدیلیٔ مذہب میں اضافہ – پنجاب سب سے زیادہ متاثر
لاہور۔۔ ایم این این۔ پاکستان میں مذہبی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کے اغوا، جبری تبدیلیٔ مذہب اور شادیوں کے واقعات تشویشناک صورت اختیار کرگئے ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے ابتدائی دس ماہ میں کم از کم 84 ایسے واقعات ریکارڈ کیے گئے، جن میں 49 مسیحی اور 35 ہندو لڑکیاں اور خواتین متاثر ہوئیں۔صوبہ پنجاب میں 47، سندھ میں 36 اور بلوچستان میں ایک واقعہ سامنے آیا۔ لاہور 18 واقعات کے ساتھ ملک کا سب سے زیادہ متاثرہ ضلع رہا۔متاثرین میں 43 نابالغ لڑکیاں شامل ہیں، جن میں سے چھ کی عمر 14 سال سے بھی کم ہے۔ رواں سال مسیحی لڑکیوں اور خواتین کے خلاف ایسے واقعات کی تعداد گزشتہ پورے سال کے مقابلے میں دوگنا سے تجاوز کرچکی ہے۔2021 سے 2025 کے دوران پاکستان میں جبری تبدیلیٔ مذہب اور اغوا کے 515 واقعات ریکارڈ کیے گئے تھے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے، کیونکہ متعدد متاثرہ خاندان خوف اور انصاف نہ ملنے کے خدشے کے باعث شکایت درج نہیں کراتے۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے پولیس اور عدالتی اداروں کی سست کارروائی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے جبری تبدیلیٔ مذہب کے خلاف مؤثر قانون سازی، ملزمان کی گرفتاری اور اقلیتی لڑکیوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان میں اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ماضی میں بھی قانون سازی کی کوششیں مذہبی جماعتوں کی مخالفت کے باعث ناکام ہوچکی ہیں۔
