قومی خبریں

 ‘راماینم’ کی ٹیم سے امت شاہ کی ملاقات، عالمی کامیابی پر نمیت ملہوترا سمیت پوری ٹیم کو مبارک باد

نئی دہلی،  (یو این آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے فلم ‘راماینم: پارٹ 1’ کے پروڈیوسر نمیت ملہوترا، ہدایت کار نتیش تیواری اور اہم فنکاروں سے ملاقات کرکے فلم کی شاندار کامیابی پر پوری ٹیم کو مبارک باد دی۔ مرکزی وزیر داخلہ شاہ نے ہندوستانی سنیما کے ذریعے ملک کے مالا مال ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر پیش کرنے کی کوششوں کی ستائش کی۔
نتیش تیواری کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم کو نمیت ملہوترا اور راکنگ اسٹار یش نے پروڈیوس کیا ہے۔ 5 نومبر 2026 کو دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی اس فلم میں رنبیر کپور، سائی پلوّی اور روی دوبے نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ فلم اپنی شاندار تیاری، جذباتی گہرائی اور اے آر رحمان اور ہنس زیمر کی موسیقی کے لیے ناظرین کی ستائش حاصل کر رہی ہے۔
ملاقات کے دوران پروڈیوسر نمیت ملہوترا، ہدایت کار نتیش تیواری، اداکار رنبیر کپور، اداکارہ سائی پلوّی اور پرائم فوکس کے کاروباری امور کے سربراہ نیرج شنگھائی موجود تھے۔ امت شاہ نے فلم کی پوری ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے ہندوستانی مہا کاویہ رامائن کو اتنے بڑے پیمانے پر پردے پر پیش کرنے کی کوشش کو ایک قابل ذکر کامیابی قرار دیا۔
فلم سازوں کے لیے اس ملاقات کا خاص پہلو یہ رہا کہ امت شاہ نے رامائن کی تاریخ، اس کے مختلف واقعات اور اس کی ثقافتی اہمیت کے بارے میں گہری معلومات کا اشتراک کیا۔ ان کی اس معلومات اور فلم کے موضوع سے متعلق سمجھ بوجھ نے پوری ٹیم کو متاثر کیا۔ انہوں نے فلم کی تیاری میں کی گئی وسیع تر سنیما کی کوششوں کی بھی ستائش کی۔
فلم کو ہندوستان کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی بازاروں میں بھی شاندار ردعمل مل رہا ہے۔ فلم سازوں کے دعوے کے مطابق، دنیا بھر میں فلم کی کمائی 2000 کروڑ روپے کے اعداد و شمار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ فلم کی کامیابی کو ہندوستانی سنیما اور ثقافتی ورثے کی عالمی شناخت کے لحاظ سے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
نمیت ملہوترا کے لیے امت شاہ سے ملاقات اس اہم منصوبے کے طویل سفر کا ایک یادگار مرحلہ ثابت ہوئی ہے۔ فلم کو بڑے پردے پر حقیقت کا روپ دینے کے لیے ٹیم نے کئی برسوں تک تیاری، تحقیق اور اجتماعی کوششیں کی ہیں۔