مغربی ایشیا کے بحران کے باعث تیل کےاسٹریٹجک ذخیرے کو 4 کروڑ ٹن کرنے پر غور
نئی دہلی، 27 نومبر (یو این آئی) مغربی ایشیا کے بحران کے باعث تیل کی سپلائی میں پیدا ہونے والی رکاوٹ کے بعد اب حکومت ملک میں تیل کے اسٹریٹجک ذخیرے (ایس پی آر) کو بڑھا کر 4 کروڑ ٹن کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔فی الحال ملک میں 53.3 لاکھ ٹن تیل کا اسٹریٹجک ذخیرہ موجود ہے، جو 3 مختلف مقامات پر زیر زمین غاروں میں رکھا گیا ہے۔ اس میں 13.3 لاکھ ٹن آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں، 15 لاکھ ٹن کرناٹک کے منگلورو میں اور 25 لاکھ ٹن پادور میں ذخیرہ ہے۔ یہ ذخیرہ ملک کی مجموعی کھپت کے تقریباً 9.5 دن کے برابر ہے۔
ملک کی پالیسی سازی میں اہم کردار ادا کرنے والے ادارے نیتی آیوگ کے مشیر (توانائی) راج ناتھ رام نے یہاں ایک تقریب کے دوران کہا کہ موجودہ دور میں ہر ملک توانائی کو ایک اسٹریٹجک اثاثہ تصور کررہا ہے۔ مغربی ایشیا کے بحران کے دوران ہندوستان نے سپلائی میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کا بہترین طریقے سے سامنا کیا ہے، لیکن اس بحران سے کچھ سبق بھی حاصل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”حکومت 4 کروڑ ٹن خام تیل کا اسٹریٹجک ذخیرہ قائم کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے۔”
مسٹر رام نے صنعتی تنظیم انڈین چیمبر آف کامرس (آئی سی سی) کی جانب سے مستقبل کے ایندھن اور توانائی کے ذرائع سے متعلق منعقدہ ایک کانفرنس میں کہا کہ ملک میں غیر حیاتیاتی ایندھن کا استعمال بڑھ رہا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ حیاتیاتی ایندھن کی مانگ کم ہورہی ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران ہوا اور شمسی توانائی کی پیداوار میں 18 فیصد اضافے کے باوجود مجموعی توانائی کی کھپت میں حیاتیاتی ایندھن سے حاصل ہونے والی توانائی کا حصہ 86 فیصد برقرار ہے۔ صاف توانائی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سال 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان بنانے کے لیے ملک میں بجلی کی کھپت 4 سے 5 گنا تک بڑھ سکتی ہے۔ اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے صاف توانائی کے ساتھ ساتھ حیاتیاتی ایندھن کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگا۔
موجودہ جغرافیائی اور سیاسی حالات کے پیش نظر حیاتیاتی ایندھن کے لیے درآمدات پر انحصار کم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مسٹر رام نے کہا کہ ملک اپنی ضرورت کا 88 فیصد خام تیل، 60 فیصد ایل پی جی اور 51 فیصد قدرتی گیس درآمد کرتا ہے۔ صاف توانائی کے شعبے میں ہر سال 50,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، جبکہ فی الحال صرف 10,000 کروڑ روپے کی سالانہ سرمایہ کاری ہورہی ہے۔ انہوں نے توانائی کی درآمدات کے لیے کسی ایک ذریعے پر انحصار ختم کرنے کی بھی وکالت کی۔تقریب کے دوران اسی موضوع پر ایک رپورٹ بھی جاری کی گئی۔ افتتاحی اجلاس سے پریجات ارتھ فاؤنڈیشن کی بانی اور چیف ایگزیکٹیو افسر شوبھی گوئل، توانائی سے متعلق آئی سی سی کی قومی ماہرین کمیٹی کے صدر انیل راجدان اور آئی سی سی کے شمالی خطے کے ڈائریکٹر دیومالیہ بنرجی نے بھی خطاب کیا۔
