قومی خبریں

نبین کی تقریر کی ویڈیو میں چھیڑ چھاڑ کے معاملے پر دہلی بی جے پی کی پولیس سے شکایت

نئی دہلی، 23 نومبر (یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر نتن نبین کی تقریر کی ویڈیو میں چھیڑ چھاڑ کے معاملے پر پارٹی کی ریاستی اکائی نے دہلی پولیس سے شکایت کرتے ہوئے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔بی جے پی کی ریاستی اکائی کے صدر اور مرکزی وزیر مملکت ہرش ملہوترا، رکن پارلیمنٹ پروین کھنڈیلوال، ریاستی جنرل سکریٹری وشنو متل، ریاستی نائب صدر راجیش بھاٹیہ، ریاستی میڈیا انچارج پروین شنکر کپور اور پارٹی کی ریاستی اکائی کے قانونی شعبے کے سربراہ ایڈوکیٹ سنکیت گپتا نے وسطی ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس کے دفتر پہنچ کر پیر کو اس منظم ڈیجیٹل بدعنوانی کے خلاف تفصیلی فوجداری شکایت درج کرائی۔

بی جے پی نے آج بتایا کہ مسٹر نبین نے گزشتہ 22 نومبر کو چندی گڑھ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کیا تھا۔ اس خطاب کی اصل ویڈیو ریکارڈنگ میں چھیڑ چھاڑ کرکے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے ایک گمراہ کن اور مکمل طور پر من گھڑت ویڈیو تیار کی گئی، جس میں مسٹر نبین کے نام سے ایسے بیانات نشر کیے گئے جو انہوں نے اپنے اصل خطاب میں کبھی دیے ہی نہیں تھے۔

ڈپٹی کمشنر آف پولیس سے اس معاملے میں شکایت کرنے کے بعد مسٹر ملہوترا نے نامہ نگاروں سے کہا کہ پولیس کو دی گئی شکایت میں واضح کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک خبر رساں ایجنسی کی اصل ویڈیو کوریج جیسی دکھائی دینے والی ریکارڈنگ کا غلط استعمال کیا گیا ہے، جس میں مبینہ طور پر اے آئی پر مبنی ڈیجیٹل چھیڑ چھاڑ کی گئی۔ اس کے ذریعے ہندوستان۔چین تعلقات، پاکستان، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہ اجلاس اور ہندوستان کے مقامی لڑاکا طیارے تیجس ایم کے۔1 جیسے انتہائی حساس قومی موضوعات پر مسٹر نبین کے نام سے جھوٹے اور گمراہ کن بیانات گھڑ کر نشر کیے گئے ہیں۔مسٹر ملہوترا نے کہا کہ سیاسی مخالفت اور نظریاتی اختلافات جمہوریت کا فطری حصہ ہیں، لیکن ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کرکے کسی رہنما کے نام سے فرضی تقریر تیار کرنا اور اسے حقیقی بتا کر نشر کرنا کسی بھی صورت میں آزادیٔ اظہار کے دائرے میں نہیں آ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ محض سیاسی تنقید یا خیالات کے اظہار کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ ایک سینئر قومی سیاسی رہنما کے چہرے، آواز اور ان کے حقیقی عوامی خطاب کا مبینہ ڈیجیٹل غلط استعمال کرکے ایک فرضی بیان کو حقیقی بتا کر عوام کے درمیان نشر کرنے کا سنگین معاملہ ہے۔ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف متعلقہ رہنما کی عوامی شبیہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں، بلکہ ملک کی خارجہ پالیسی، تزویراتی مفادات اور قومی سلامتی جیسے حساس موضوعات پر عوام کے درمیان الجھن، بداعتمادی اور غیر ضروری تنازعات پیدا کرنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں۔

دہلی بی جے پی کے صدر نے کہا کہ سیاسی مخالفت اور نظریاتی اختلافات جمہوریت کا فطری حصہ ہیں، لیکن ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کرکے کسی رہنما کے نام سے فرضی تقریر تیار کرنا اور اسے حقیقی بتا کر تشہیر کرنا کسی بھی صورت میں آزادیٔ اظہار کے دائرے میں نہیں آ سکتا۔ جمہوریت میں اختلاف رائے کا حق حاصل ہے، لیکن جان بوجھ کر ڈیجیٹل جعل سازی، فریب دہی اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا کوئی جواز نہیں ہے۔دہلی بی جے پی نے اپنی شکایت میں بھارتیہ نیائے سنہتا، 2024 کی قانونی دفعات کے تحت تحقیقات اور کارروائی کی درخواست کی ہے۔

بی جے پی نے اس معاملے میں فوری طور پر متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کرکے غیر جانبدارانہ اور مقررہ وقت میں تحقیقات کرنے، متعلقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس، خصوصاً ویڈیو نشر کرنے والے اکاؤنٹ کی شناخت کرکے ان کے ڈیجیٹل ریکارڈ، آئی پی لاگز، لاگ اِن کی تفصیلات اور دیگر الیکٹرانک شواہد محفوظ کرنے، متعلقہ خبر رساں ایجنسی کی اصل ویڈیو اور مبینہ طور پر چھیڑ چھاڑ کی گئی ویڈیو کا سائبر فارینزک معائنہ اور فریم بہ فریم موازنہ کرانے، ویڈیو تیار کرنے، اس میں ڈیجیٹل چھیڑ چھاڑ کرنے اور اسے منظم انداز میں نشر کرنے والے تمام افراد اور نیٹ ورک کی شناخت کرنے نیز متعلقہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ضروری ہدایات جاری کرکے متنازع فرضی مواد ہٹانے یا اس کی رسائی بند کرنے کے لیے قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے کہا ہے کہ اگر اس پورے معاملے میں کسی منظم سیاسی، مالی یا دیگر نیٹ ورک کا کردار سامنے آتا ہے تو اس کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔

بی جے پی رہنماؤں نے کہا کہ اے آئی کا استعمال اختراع، ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہونا چاہیے، نہ کہ جھوٹ گھڑنے، قومی قیادت کی شبیہ خراب کرنے اور ملک میں الجھن اور افراتفری کا ماحول پیدا کرنے کے لیے۔بی جے پی کے مطابق آج ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذریعے کسی بھی شخص کی آواز، چہرے اور مبینہ بیانات کو من مانے انداز میں تیار کرکے نشر کیا جا سکتا ہے۔ اگر ایسے اقدامات کے خلاف بروقت سخت قانونی کارروائی نہیں کی گئی تو یہ جمہوری مباحثے، عوامی اعتماد اور ڈیجیٹل مواصلات کی ساکھ کے لیے ایک سنگین چیلنج بن سکتے ہیں۔

مسٹر ملہوترا نے کہا کہ پارٹی صحت مند سیاسی تنقید اور جمہوری اختلاف رائے کا احترام کرتی ہے، لیکن فرضی ویڈیوز، ڈیجیٹل جعل سازی اور منظم گمراہ کن پروپیگنڈے کے ذریعے ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قصورواروں کی شناخت کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔