شاہ نے سمندری طوفان ‘ارنب’ کے پیش نظر آندھرا پردیش، پڈوچیری، اڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی
نئی دہلی (یواین آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سمندری طوفان ‘ارنب’ کے پیش نظر جمعرات کو آندھرا پردیش، پڈوچیری، اڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے وزرائے اعلیٰ سے بات کرکے صورت حال کی جانکاری حاصل کی۔مسٹر شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے متاثرہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے بات کرکے لوگوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا، ”سمندری طوفان ‘ارنب’ کے پیش نظر آندھرا پردیش، پڈوچیری، اڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے۔ ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو اس آفت کے وقت لوگوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں سرگرمی کے ساتھ جنگی پیمانے پر بچاؤ اور راحت رسانی کے کاموں میں مصروف ہیں۔ آفت کے اثرات کا جائزہ لینے اور آئندہ درکار امداد کا تعین کرنے کے لیے جلد ہی بین وزارتی مرکزی ٹیمیں بھیجی جائیں گی۔ حکومت ہند پوری عہد بستگی کے ساتھ عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔’
‘قابل ذکر ہے کہ ‘ارنب’ نے بدھ کی صبح آندھرا پردیش کے ساحل پر دستک دی تھی۔ اس طوفان سے آندھرا پردیش، اڈیشہ، مغربی بنگال، تلنگانہ اور پڈوچیری بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ طوفان کے باعث آندھرا پردیش اور اڈیشہ میں شدید بارش ہوئی اور 125 سے 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلیں۔ متاثرہ علاقوں سے تقریباً ایک لاکھ 80 ہزار لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔طوفان کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے ہیں اور فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ ساحل سے ٹکرانے کے بعد ‘ارنب’ اب کمزور ہو کر گہرے دباؤ میں تبدیل ہو چکا ہے۔
