قومی خبریں

انسانوں ، مویشیوں اور ماحول کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنا ضروری: مرمو

نئی دہلی،  (یواین آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ ‘ون ہیلتھ’ کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے انسانوں اورمویشیوں کے لیئے طبی خدمات اور ماحولیاتی سائنس کے ماہرین کے درمیان تال میل ضروری ہے۔صدرجمہوریہ جمعہ کو یہاں اٹل بہاری واجپئی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اور ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال کے 12ویں جلسۂ تقسیم اسناد سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانوں، جانوروں، پودوں اور ماحول کے درمیان مسلسل رابطے کے باعث ایک شعبے میں پیدا ہونے والا صحت کا مسئلہ دوسرے شعبوں کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔ کئی متعدی بیماریاں جانوروں سے انسانوں میں پھیلتی ہیں۔ وہیں فضائی اور آبی آلودگی، موسمیاتی تبدیلی اور ماحول میں عدم توازن بھی انسانی صحت کے لیے سنگین چیلنج ہیں۔ ایسے میں تینوں شعبوں کے ماہرین کے لیے مل کر کام کرنا ضروری ہے۔ اس سے بیماریوں کی روک تھام، بروقت شناخت اور مستقبل میں صحت کے بحرانوں سے نمٹنے کی تیاری بہتر ہوگی۔

محترمہ مرمو نے کہا کہ بیماریوں کی روک تھام اور علاج کے لیے سماجی، اقتصادی، غذائیت سے متعلق اور ماحولیاتی حالات کو سمجھنا ضروری ہے، کیونکہ ان کا براہ راست اثر انسانی صحت پر پڑتا ہے۔ انہوں نے مقامی صحت کے چیلنجوں اور حالات کے مطابق علاج اور بچاؤ کے اقدامات سے متعلق تحقیق کو فروغ دینے کی بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ صحت کی بدلتی ہوئی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے 2017 میں قومی صحت پالیسی میں ترمیم کی تھی۔ اس پالیسی میں علاج کے ساتھ بیماریوں کی روک تھام اور صحت کو بہتر بنانے والی خدمات پر زیادہ زور دیا گیا۔ بحالی اور سنگین بیماریوں میں راحت فراہم کرنے والی نگہداشت پر بھی توجہ بڑھائی گئی ہے۔ ذہنی تناؤ، ذیابیطس اور کینسر جیسی غیر متعدی بیماریوں میں تیزی سے ہورہے اضافے کے پیش نظر ان کی روک تھام کے مختلف پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران صحت کے شعبے میں مرکزی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے وسیع اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ اس سے بنیادی سطح سے لے کر اعلیٰ سطح تک صحت کی خدمات میں توسیع ہوئی ہے۔جلسۂ تقسیم اسناد میں فارغ التحصیل ڈاکٹروں سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان کی تحقیق اور کوششوں سے صحت کی خدمات کو مزید مؤثر، قابل رسائی، کفایتی اور عوام مرکوز بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی مہارت کا فائدہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے محروم طبقات اور ملک کی بنیادی صحت خدمات تک پہنچائیں۔