بولنا تو پڑیگا:کیا اعظم آج بھی مسلمانوں کے مقبول رہنما ہیں؟
ملائم سنگھ یادو کی سیاست، سماج وادی پارٹی کا مسلم ووٹ اور اعظم خان کا سیاسی قد
9968778671
اترپردیش کی سیاست میں اعظم خان ایک ایسا نام ہے جسے نظرانداز کرنا آسان نہیں۔ ایک زمانہ تھا جب وہ سماج وادی پارٹی کے سب سے طاقتور رہنماؤں می شمار ہوتے تھے۔ ان کی آواز لکھنؤ سے لے کر دہلی تک سنی جاتی تھی اور مسلمانوں کے درمیان انہیں ایک بے باک سیاسی رہنما کی حیثیت حاصل تھی۔ لیکن آج جب اعظم خان دوبارہ سیاسی منظرنامے میں سرگرم ہونے کی کوشش کر رہے ہیں تو ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے: کیا وہ اب بھی اترپردیش کے مسلمانوں کے مقبول ترین رہنما ہیں؟ اور کیا مسلمان سماج وادی پارٹی کو اعظم خان کی وجہ سے ووٹ دیتے تھے یا ملائم سنگھ یادو کی وجہ سے؟اس سوال کا جواب تلاش کرنے کے لیے سماج وادی پارٹی کی سیاسی تاریخ پر نظر ڈالنا ضروری ہے۔1990 کی دہائی میں جب بابری مسجد تحریک اپنے عروج پر تھی اور فرقہ وارانہ سیاست ملک کے سیاسی ماحول کو متاثر کر رہی تھی، ملائم سنگھ یادو نے ایودھیا میں کارسیوکوں پر پولیس فائرنگ کا حکم دے کر مسلمانوں کے درمیان اپنی ایک مضبوط سیاسی شناخت قائم کی۔ اس فیصلے نے انہیں مسلمانوں کا قابل اعتماد سیاسی رہنما بنا دیا۔ 1992 میں سماج وادی پارٹی کے قیام اور 1993 میں کانشی رام کے ساتھ اتحاد نے اس اعتماد کو ایک مضبوط انتخابی طاقت میں تبدیل کر دیا۔ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ سماج وادی پارٹی کو مسلمانوں کے درمیان مقبول بنانے میں بنیادی کردار ملائم سنگھ یادو کا تھا۔ انہوں نے مسلمانوں کو یہ یقین دلایا کہ بی جے پی کے مقابلے میں سماج وادی پارٹی ان کے سیاسی اور آئینی حقوق کے تحفظ کی ضمانت بن سکتی ہے۔لیکن اس سیاسی عمارت کی ایک مضبوط دیوار اعظم خان بھی تھے۔ اعظم خان 1980 میں پہلی مرتبہ اسمبلی پہنچے۔ بعد کے برسوں میں وہ دس مرتبہ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور دو مرتبہ لوک سبھا بھی پہنچے۔ ملائم سنگھ یادو کی حکومتوں میں انہیں اہم وزارتیں ملیں اور اکھلیش یادو کے دور حکومت میں بھی ان کا سیاسی اثر و رسوخ برقرار رہا۔ وہ صرف رام پور کے رہنما نہیں تھے بلکہ سماج وادی پارٹی کے اندر مسلمانوں کی ایک طاقتور آواز سمجھے جاتے تھے۔ اعظم خان کی سب سے بڑی خصوصیت یہ تھی کہ وہ پارٹی قیادت کے سامنے بھی اپنی بات کہنے کی جرأت رکھتے تھے۔ ان کا انداز جارحانہ تھا، ان کی تقریروں میں سیاسی کاٹ تھی اور وہ مسلمانوں کے مسائل پر کھل کر اظہار خیال کرتے تھے۔ یہی وجہ تھی کہ مسلمانوں کے ایک بڑے طبقے میں انہیں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہوئی۔ لیکن کیا مسلمان صرف اعظم خان کی وجہ سے سماج وادی پارٹی کو ووٹ دیتے تھے؟ اس کا جواب نفی میں ہے۔ ملائم سنگھ یادو کی سیاسی مقبولیت اعظم خان سے کہیں زیادہ وسیع تھی۔ ان کا اثر صرف مسلمانوں یا یادو برادری تک محدود نہیں تھا۔ انہوں نے پسماندہ طبقات، کسانوں اور سماج کے دوسرے طبقوں کو بھی اپنے ساتھ جوڑا تھا۔ اعظم خان نے مسلمانوں کو سماج وادی پارٹی کے اندر سیاسی آواز دی، لیکن پارٹی کے حق میں مسلمانوں کا وسیع تر اعتماد ملائم سنگھ یادو کی قیادت کا نتیجہ تھا۔ اس کی ایک دلیل یہ بھی ہے کہ ملائم سنگھ یادو کے سیاسی منظرنامے سے ہٹنے کے بعد بھی 2022 کے اسمبلی انتخابات میں مسلمانوں کی بڑی تعداد نے سماج وادی پارٹی کی حمایت کی، حالانکہ اس وقت اعظم خان جیل میں تھے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ مسلمانوں کی سماج وادی پارٹی سے وابستگی کسی ایک شخصیت کی محتاج نہیں تھی۔ البتہ ملائم سنگھ یادو کے انتقال کے بعد سماج وادی پارٹی کے اندر سیاسی ترجیحات تبدیل ہوئیں۔ اکھلیش یادو نے پی ڈی اے یعنی پسماندہ، دلت اور اقلیتی اتحاد کے ذریعے ایک وسیع انتخابی بنیاد تیار کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران اعظم خان اور پارٹی قیادت کے درمیان دوریاں بھی سامنے آئیں۔ اعظم خان اور ان کے حامیوں نے کئی مرتبہ اکھلیش یادو کی خاموشی اور مسلم مسائل پر ان کے رویے کے حوالے سے ناراضگی ظاہر کی۔ اعظم خان کے خلاف مقدمات، جیل، نااہلی اور مسلسل قانونی مشکلات نے بھی ان کی سیاسی سرگرمیوں کو متاثر کیا۔ اس پورے عرصے میں مسلمانوں کے ایک طبقے نے انہیں سیاسی انتقام کا شکار سمجھا، جبکہ مخالفین نے ان کے خلاف قانونی کارروائیوں کو قانون کا عمل قرار دیا۔ بہرحال ان واقعات نے ان کی سیاسی طاقت کو محدود ضرور کیا۔ اب سوال یہ ہے کہ کیا اعظم خان کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے؟ اس کا جواب احتیاط سے دینا ہوگا۔ رام پور اور مغربی اترپردیش کے بعض علاقوں میں ان کا اثر آج بھی موجود ہے۔ ان کی رہائی اور سیاسی واپسی نے ان کے حامیوں میں نیا جوش پیدا کیا ہے، لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ وہ پورے اترپردیش کے مسلمانوں کے متفقہ رہنما بن چکے ہیں۔ 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں رام پور سے سماج وادی پارٹی کے امیدوار محب اللہ ندوی کی کامیابی نے یہ بھی واضح کیا کہ اب وہاں کا ووٹر ہر معاملے میں اعظم خان کی سیاسی ترجیحات کا پابند نہیں ہے۔ اس لیے ان کی مقبولیت کو تسلیم کرنے کے ساتھ اس کی حدود کو بھی سمجھنا ہوگا۔ دراصل اکھلیش یادو کے لیے اعظم خان کی اہمیت آج بھی غیر معمولی ہے۔ وہ مسلمانوں کے درمیان سماج وادی پارٹی کا ایک معروف چہرہ ہیں اور ان کی موجودگی پارٹی کے مسلم ووٹروں کو اعتماد دے سکتی ہے۔ لیکن اکھلیش یادو کی سیاسی حکمت عملی اب صرف مسلم اور یادو ووٹوں تک محدود نہیں ہے۔ وہ دلتوں اور پسماندہ طبقات کو بھی اپنے ساتھ جوڑنا چاہتے ہیں۔ اس لیے انہیں اعظم خان کی سیاسی اہمیت اور اپنی وسیع تر انتخابی حکمت عملی کے درمیان توازن قائم کرنا ہوگا۔ اس پورے معاملے کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ مسلمانوں کو اپنی سیاسی طاقت کسی ایک رہنما کی مقبولیت سے نہیں ناپنی چاہیے۔ انہیں یہ دیکھنا ہوگا کہ کون سی جماعت ان کے مسائل کو کتنی اہمیت دیتی ہے، انہیں سیاسی نمائندگی میں کتنا حصہ دیتی ہے اور اقتدار میں آنے کے بعد ان کے لیے کیا کرتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ملائم سنگھ یادو نے مسلمانوں کا اعتماد حاصل کیا تھا اور اعظم خان نے اس اعتماد کو ایک مضبوط سیاسی آواز دی تھی۔ ملائم سنگھ بنیاد تھے اور اعظم خان اس عمارت کی ایک مضبوط دیوار۔ دونوں کا کردار اپنی جگہ اہم تھا، لیکن دونوں کی سیاسی حیثیت اور اثرات کا دائرہ الگ الگ تھا۔آج اعظم خان کی سیاسی واپسی یقیناً اہم ہے، مگر اترپردیش کے مسلمانوں کی سیاست کو ان کی واپسی سے وابستہ کر دینا درست نہیں ہوگا۔ مسلمانوں کو نئے سیاسی رہنما، نئی قیادت اور نئے امکانات تلاش کرنے ہوں گے۔ آخر ان کی سیاسی طاقت کسی ایک اعظم خان یا کسی ایک اکھلیش یادو کی محتاج نہیں ہونی چاہیے۔اعظم خان کی مقبولیت کا احترام اپنی جگہ، لیکن مسلمانوں کی سیاسی طاقت کو اعظم خان کی مقبولیت کا محتاج سمجھنا ایک بڑی سیاسی غلطی ہوگی۔
