Featured

اترپردیش میں بڑا انتظامی ردوبدل، 6 ضلع مجسٹریٹ سمیت 38 آئی اے ایس افسران کے تبادلے

لکھنؤ (یو این آئی) اترپردیش حکومت نے جمعہ کی دیر رات انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کے 38 سینئر افسران کے تبادلے کردیئے ہیں۔ تبادلوں کی فہرست میں 5 ضلع مجسٹریٹوں کو نئی تعیناتی دی گئی ہے، جبکہ میرٹھ اور لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے نائب صدور کا بھی تبادلہ کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق سیتاپور، مہاراج گنج، سدھارتھ نگر، مظفر نگر اور بجنور کے ضلع مجسٹریٹوں کو ان کے عہدوں سے ہٹا کر نئی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ کے خصوصی سکریٹری انوج سنگھ کو لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا نائب صدر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے موجودہ نائب صدر کو سیتاپور کا نیا ضلع مجسٹریٹ بنایا گیا ہے۔ سیتاپور کے ضلع مجسٹریٹ راجا گنپتی کو سوڈا کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔
غازی آباد کے میونسپل کمشنر وکرم آدتیہ سنگھ ملک کو میرٹھ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کا نائب صدر بنایا گیا ہے، جبکہ وارانسی کے میونسپل کمشنر ہمانشو ناگپال کو ملک کی جگہ غازی آباد کا میونسپل کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔ گورکھپور کے چیف ڈیولپمنٹ آفیسر شاشوت ترپوراری کو وارانسی کا میونسپل کمشنر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ آئی ٹی اور الیکٹرانکس کے خصوصی سکریٹری ابھیشیک کمار اب گورکھپور کے چیف ڈیولپمنٹ آفیسر کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
میرٹھ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے نائب صدر سنجے کمار مینا کو یمنا ایکسپریس وے صنعتی ترقیاتی اتھارٹی کا ایڈیشنل چیف ایگزیکٹیو آفیسر مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اب تک اس عہدے پر تعینات راجیش کمار کو ایودھیا کا چیف ڈیولپمنٹ آفیسر بنایا گیا ہے۔ ایودھیا کے موجودہ چیف ڈیولپمنٹ آفیسر کرشن کمار سنگھ کو یمنا ایکسپریس وے صنعتی ترقیاتی اتھارٹی کا ایڈیشنل چیف ایگزیکٹیو آفیسر مقرر کیا گیا ہے۔
مہاراج گنج کے ضلع مجسٹریٹ گورو سنگھ سوگروال کو سدھارتھ نگر کا ضلع مجسٹریٹ بنایا گیا ہے، جبکہ سدھارتھ نگر کے ضلع مجسٹریٹ شیو شرنپا جی ایم کو مہاراج گنج کے ضلع مجسٹریٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ مظفر نگر کے ضلع مجسٹریٹ امیش مشرا اب شہری ترقیات کے خصوصی سکریٹری کی ذمہ داری سنبھالیں گے، جبکہ بجنور کے ضلع مجسٹریٹ امیش پرتاپ سنگھ کو محکمہ تعمیرات عامہ کا خصوصی سکریٹری مقرر کیا گیا ہے۔