قومی خبریں

مودی حکومت کا اقتصادی ماڈل ناکام، ملک سنگین بحران کی طرف بڑھ رہا ہے: راہل

نئی دہلی،  (یواین آئی) کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ مودی حکومت کا اقتصادی ماڈل ناکام ہو چکا ہے اور ملک سنگین اقتصادی بحران کی جانب بڑھ رہا ہے۔مسٹر گاندھی نے امریکہ کے نیویارک میں کولمبیا یونیورسٹی کے اسکول آف انٹرنیشنل اینڈ پبلک افیئرز میں منگل کو منعقدہ ایک مکالمے کے دوران کہا کہ بے روزگاری، نظام تعلیم کی خامیاں، مینوفیکچرنگ کے شعبے کی کمزوری اور چھوٹے و درمیانہ درجے کے کاروباری اداروں کی مشکلات ملک کے بڑے مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا نہیں ہو رہے ہیں اور اقتصادی و سیاسی طاقت چند بڑے گروپوں کے ہاتھوں میں مرتکز ہوتی جا رہی ہے۔

مسٹر گاندھی نے کہا کہ ان مسائل کو شرح نمو کے اعداد و شمار یا خدمات کے شعبے کی توسیع کے ذریعے چھپایا نہیں جا سکتا۔ صحافی لیڈیا پولگرین کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے ‘میک اِن انڈیا’ اور ‘اسٹارٹ اَپ انڈیا’ جیسی اسکیموں کی افادیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات مینوفیکچرنگ کے شعبے کو مطلوبہ مضبوطی فراہم کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کامیاب نہیں رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدمات کا شعبہ اکیلے ہندوستان جیسے بڑی آبادی والے ملک میں روزگار کی ضرورت پوری نہیں کر سکتا۔ مینوفیکچرنگ کو اقتصادی ترقی کی اصل بنیاد بنانا ہوگا۔

مسٹر گاندھی نے زراعت اور چھوٹے و درمیانہ درجے کے کاروباری اداروں کو ہندوستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ نجی سرمایہ کاری میں خاطر خواہ توسیع نہیں ہو رہی ہے اور کاروبار کے مواقع چند بڑے صنعتی گروپوں تک محدود ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہندوستان میں نجی سرمایہ کاری کیوں نہیں ہو رہی ہے اور ملک میں صرف اڈانی اور امبانی کے کاروبار ہی کیوں ترقی کر رہے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت نے گزشتہ کئی دہائیوں میں تیار کیے گئے اقتصادی ڈھانچے کو کمزور کیا ہے اور دولت کے ساتھ سیاسی طاقت کا ارتکاز بھی بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق قبائلی، دلت، کسان اور اقلیتیں اقتصادی اور سیاسی نظام میں حاشیے پر دھکیلی جا رہی ہیں۔ روزگار کی کمی اور معیاری تعلیم تک غیر مساوی رسائی کے باعث نوجوانوں میں بے اطمینانی بڑھ رہی ہے۔

طلبہ کے احتجاجی مظاہروں اور نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی سیاسی بے اطمینانی سے متعلق سوال پر مسٹر گاندھی نے کہا کہ کئی مظاہرین متوسط طبقے کے خاندانوں سے تعلق رکھتے ہیں، جنہیں کبھی وزیر اعظم نریندر مودی سے کافی امیدیں وابستہ تھیں۔ اب نوجوان سوال کر رہے ہیں کہ کیا تعلیمی قابلیت اور ڈگریاں انہیں روزگار اور اقتصادی تحفظ کی ضمانت دے سکتی ہیں۔ انہوں نے اقتصادی اور سیاسی طاقت کے ارتکاز کو جمہوری اداروں کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ دہرایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے انتخابی بے ضابطگیوں کے ثبوت جمع کیے ہیں اور نظام کے اندر سے بھی لوگ معلومات فراہم کرکے سامنے آ رہے ہیں۔

امریکہ کی سخت امیگریشن پالیسیوں کے ہندوستانی طلبہ اور نوجوانوں پر اثرات سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جانے والے ہندوستانیوں کی تعداد ملک میں روزگار کے بڑے چیلنج کا محض ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔ ملک میں روزگار پیدا کرنے، گھریلو پیداوار کو مضبوط بنانے اور تعلیم کے معیار اور اس تک رسائی کو بہتر بنانے پر توجہ دینا ضروری ہے۔مسٹر گاندھی نے امریکہ اور یورپی ممالک کے اقتصادی چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی نسبتاً کم لاگت اسے عالمی اقتصادی دباؤ کے درمیان کچھ مضبوطی فراہم کر سکتی ہے، لیکن اس کے لیے گھریلو اقتصادی کمزوریوں کو دور کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان کے طویل مدتی امکانات کے بارے میں پرامید ہیں، لیکن ملک وقت گنوا رہا ہے۔ اگر موجودہ اقتصادی سمت اگلے پانچ سے دس سال تک برقرار رہی تو ہندوستان سنگین مشکلات میں گھر سکتا ہے۔