ممبئی نے 26/11 کے شہداء کو کیا خراج عقیدت پیش
فڑنویس نے حملے کو ملک کی خودمختاری اور آئین پر حملہ قرار دیا
ممبئی، (یو این آئی) مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں 26 نومبر 2008 کے دہشت گردانہ حملوں کی 18 ویں برسی پر جمعرات کو شہر بھر میں مختلف یادگاری پروگراموں اور تعزیتی جلسوں کا انعقاد کیا گیا، جہاں سیاست دانوں، پولیس اہلکاروں، سکیورٹی فورسز اور شہریوں نے تین دنوں تک جاری رہنے والے اس دہشت گردانہ حملے میں جان گنوانے والے افراد کو پرنم آنکھوں سے خراج عقیدت پیش کیا۔
مرکزی یادگاری تقریب گیٹ وے آف انڈیا پر منعقد کی گئی، جہاں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے 26/11 کے حملوں کو محض ممبئی پر حملہ نہیں، بلکہ ملک کی خودمختاری اور ہندوستان کے آئین پر حملہ قرار دیا۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر فڑنویس نے کہا کہ دہشت گردوں نے جان بوجھ کر ایسے مقامات کا انتخاب کیا تھا، جہاں غیر ملکی شہریوں اور سفارتی برادری کے ارکان کی آمد و رفت زیادہ رہتی ہے، تاکہ جانی نقصان زیادہ سے زیادہ ہو اور بین الاقوامی سطح پر یہ پیغام دیا جا سکے کہ ہندوستان پر حملہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ صرف تاج محل پیلس ہوٹل، ٹرائیڈنٹ ہوٹل اور چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمینس (سی ایس ایم ٹی) جیسے معروف مقامات تک محدود نہیں تھا، بلکہ یہ ملک کی خودمختاری کے لیے براہ راست چیلنج تھا۔
وزیر اعلیٰ نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے عظیم قربانی دینے والے سینئر پولیس افسران ہیمنت کرکرے، اشوک کامٹے نیز این ایس جی کمانڈو سندیپ انی کرشنن اور ممبئی پولیس کے کانسٹیبل تکارام اومبلے سمیت دیگر سکیورٹی اہلکاروں کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہندوستان اپنے فوجیوں یا شہریوں پر ہونے والے حملوں کو برداشت نہیں کرے گا اور دہشت گردی کے ذمہ داروں کو منہ توڑ جواب دے گا۔
اس دوران، نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) کی ممبئی یونٹ نے گیٹ وے آف انڈیا پر ‘نیور ایور’ کے موضوع کے تحت ایک خصوصی یادگاری اور حلف برداری تقریب کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام میں مخصوص یادگاری حصوں کے ذریعے عظیم قربانی دینے والے شہداء کی تصاویر اور نام آویزاں کر کے انہیں نیز حملے کے متاثرین اور زندہ بچ جانے والے افراد کو اعزاز سے نوازا گیا۔
تقریب کے تحت موم بتیوں سے بنا ایک خصوصی ‘لیونگ میموریل’ بھی قائم کیا گیا۔ پروگرام میں پھولوں کی چادر چڑھانے، شمع روشن کرنے، آڈیو ویژول پیشکشوں، زندہ بچ جانے والوں اور شہداء کے اہل خانہ کی عزت افزائی کے علاوہ شہریوں کے لیے ایک حلف بوتھ اور پیغام نویسی کارنر بھی بنایا گیا تھا۔ ملک گیر بیداری مہم کے تحت ممبئی کے 11 کالجوں اور 26 اسکولوں میں امن، چوکسی اور قومی سلامتی کو فروغ دینے کا حلف لیا گیا۔ گیٹ وے آف انڈیا کو ‘نیور ایور’ پیغام کے ساتھ قومی ترنگے کے رنگوں میں روشن کرنے کا بھی پروگرام رکھا گیا۔
ایک دیگر تقریب میں مہاراشٹر کی نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار نے ممبئی پولیس کمشنر دفتر میں منعقدہ رسمی پریڈ میں شرکت کی، جہاں پولیس اہلکاروں اور افسران نے 2008 کے حملوں کے دوران دہشت گردوں کا سامنا کرتے ہوئے شہید ہونے والے اپنے ساتھیوں کو یاد کیا۔
مہاراشٹر کے وزیر منگل پربھات لوڈھا نے گرگاؤں چوپاٹی پر پولیس کانسٹیبل تکارام اومبلے کو علیحدہ سے خراج عقیدت پیش کیا۔ یہاں ‘سمودائے سیما منچ’ کے زیر اہتمام تعزیتی تقریب میں تصادم کے دوران کئی گولیاں لگنے کے باوجود دہشت گرد اجمل قصاب کو زندہ پکڑنے میں دکھائے گئے مسٹر اومبلے کے غیر معمولی حوصلے کو یاد کیا گیا۔ تقریب میں پولیس اہلکاروں، سماجی کارکنوں اور مقامی باشندوں نے شرکت کی۔ ممبئی پولیس نے بھی حملوں میں جان گنوانے والے متاثرین اور اہلکاروں کو یاد کیا۔
قابل ذکر ہے کہ 26 نومبر 2008 کو پاکستان سے سمندری راستے کے ذریعے ممبئی میں داخل ہونے والے لشکر طیبہ کے دس بھاری ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے تاج محل پیلس ہوٹل، اوبرائے ٹرائیڈنٹ، سی ایس ایم ٹی، کاما اسپتال، نریمن ہاؤس اور لیوپولڈ کیفے سمیت کئی مقامات پر مربوط حملے کیے تھے۔ تین دنوں تک جاری رہنے والے اس دہشت گردانہ حملے میں غیر ملکی شہریوں سمیت 166 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے اور 300 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ سکیورٹی فورسز نے 29 نومبر کو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن مکمل کیا تھا۔
