قومی خبریں

شیش ناگ تنازع: محبوبہ مفتی کا کارکنوں کو ہراساں کرنے کا الزام

عمر عبداللہ سے بی آر او کے ساتھ مفاہمت نامہ منسوخ کرنے کا پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدرکا مطالبہ

سری نگر،  (یو این آئی) جموں و کشمیر کے وزیر جنگلات الطاف احمد وانی کی جانب سے بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کو کلین چٹ دیے جانے کے ایک روز بعد پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے جمعرات کو الزام لگایا کہ شیش ناگ جھیل کے قریب بھاری مشینری کے استعمال سے تعمیراتی کام کا معاملہ اٹھانے والوں کو وادی میں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بی آر او کے ساتھ کیا گیا مفاہمت نامہ منسوخ کیا جائے۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے سوال اٹھایا کہ اگر حکومت کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے تو انہیں جائے وقوعہ کا دورہ کرنے سے کیوں روکا گیا؟
انہوں نے کہاکہ ”اگر حکومت کے پاس چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے تو مجھے وہاں جانے کی اجازت کیوں نہیں دی گئی؟”
محبوبہ مفتی نے بتایا کہ ”سیو شیش ناگ، سیو کشمیر” مہم چلانے والے نوجوانوں کو پولیس تھانوں میں طلب کیا گیا اور ان کے موبائل فون ضبط کرلیے گئے، جبکہ آن لائن عرضی شروع کرنے والی ایک نوجوان خاتون کو بھی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہاکہ ”کل جموں و کشمیر کے وزیر کے اس بیان کے بعد سے کہ وہاں سب کچھ ٹھیک ہے، ان لوگوں کے حوصلے مزید بڑھ گئے ہیں۔ کیا یہ کہنا کوئی جرم ہے کہ کشمیر کو بچاؤ، شیش ناگ کو بچاؤ، اپنے ماحولیات کو بچاؤ اور امرناتھ یاترا کا تحفظ کرو؟”
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب مبینہ طور پر ایک جے سی بی آپریٹر کی جانب سے اپ لوڈ کی گئی ویڈیو میں بلند پہاڑی علاقے میں واقع جھیل کے قریب بھاری مشینری دکھائی دی۔
محبوبہ مفتی نے سوال کیاکہ ”جے سی بی مشین ساڑھے تین ہزار میٹر سے زیادہ بلندی پر کیسے پہنچ گئی؟ اور ہماری حکومت نے اس کی اجازت کیسے دے دی؟ دنیا میں کہیں بھی آپ کو ایسی صورت حال نہیں ملے گی جہاں اتنی بلندی پر واقع جھیل کے قریب جے سی بی مشین لے جائی جائے۔”
انہوں نے اس معاملے کو سیاسی یا مذہبی مسئلہ قرار دینے کے بجائے کشمیر کے وجود اور مستقبل سے جڑا ایک اہم معاملہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گلیشیئر، جھیل اور اس کے اطراف کے جنگلات کے قدرتی ماحول میں چھیڑ چھاڑ سے امرناتھ غار میں برفانی شیو لنگ کی تشکیل بھی متاثر ہوسکتی ہے۔