قومی خبریں

کانگریس رکن پارلیمنٹ دیپیندر ہڈا کے سیکورٹی افسر کی مشتبہ خودکشی سے موت

چنڈی گڑھ،  (یو این آئی) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ دیپیندر سنگھ ہڈا کی ذاتی سیکورٹی پر تعینات ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) نے بدھ کی رات ہریانہ کے روہتک ضلع میں اپنی رہائش گاہ پر مبینہ طور پر سروس ریوالور سے خود کو گولی مار کر جان دے دی۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔متوفی کی شناخت پردیپ کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ دیپیندر ہڈا کے ذاتی سیکورٹی افسر (پی ایس او) کے طور پر تعینات تھے۔ واقعے کے وقت وہ اپنی ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد اپنے آبائی گاؤں موکھرا واپس آئے تھے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق پردیپ اپنے گھر کی اوپری منزل کے ایک کمرے میں اکیلے تھے، اسی دوران رات تقریباً 9 بجے گولی چلنے کی آواز سنائی دی۔ اہل خانہ فوراً کمرے میں پہنچے تو انہیں شدید زخمی حالت میں پایا۔انہیں فوری طور پر روہتک کے ایک نجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

پولیس نے بتایا کہ مشتبہ خودکشی کے حالات ابھی واضح نہیں ہیں اور تفتیش کار اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ افسر نے یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا۔باہو اکبر پور پولیس اسٹیشن کے انچارج جس بیر نے تصدیق کی کہ پولیس کو موکھرا گاؤں میں واقعے کی اطلاع ملی تھی، جس کے بعد تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔جس بیر نے بتایا کہ پولیس کو مشتبہ خودکشی کی اطلاع ملنے پر اہلکار موقع پر پہنچے اور تفتیش شروع کردی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعرات کو لاش کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔افسر کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کردیا گیا۔

فارنزک ٹیم نے بھی کمرے کا معائنہ کیا اور شواہد جمع کیے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق، سروس ریوالور بستر سے برآمد ہوا، جبکہ افسر کا موبائل فون قریب ہی پڑا ہوا ملا۔پردیپ، چندر کمار کے بیٹے تھے۔ انہوں نے 2003 میں کمانڈو بھرتی کے ایک بیچ کے تحت ہریانہ پولیس میں ملازمت اختیار کی تھی اور کئی برسوں سے ذاتی سیکورٹی کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔ابھی تک کوئی خودکشی نوٹ برآمد ہونے کی اطلاع نہیں ہے اور اہل خانہ نے بھی ایسے کسی حالات کے بارے میں نہیں بتایا ہے جن سے اس واقعے کی وجہ کا پتہ چل سکے۔پولیس نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں اور پوسٹ مارٹم کے بعد نیز دستیاب شواہد کی جانچ کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔