ہندوستان نے سیف چیمپئن شپ میں اپنے خطاب کے دفاع کا آغاز پاکستان کو 3-2 سے شکست دے کر کیا
ڈھاکہ، 5 نومبر (یو این آئی) ہندوستانی فٹ بال ٹیم نے سیف چیمپئن شپ 2026 میں اپنے خطاب کے دفاع کا آغاز پاکستان کو 3-2 سے شکست دے کر کیا۔ ڈھاکہ کے نیشنل اسٹیڈیم میں جمعرات کو کھیلے گئے گروپ بی کے پہلے مقابلے میں سہیل احمد بھٹ نے دو گول کیے، جبکہ منگلینتھانگ کِپگین نے ایک گول کرکے ہندوستان کو کامیابی دلائی۔سہیل بھٹ نے پہلے ہاف میں 13ویں اور 19ویں منٹ میں گول کیے، جبکہ کِپگین نے 31ویں منٹ میں تیسرا گول کرکے ہندوستان کو وقفے تک 3-0 کی مضبوط برتری دلا دی۔ پاکستان نے انجری ٹائم میں نجیب اللہ (91ویں منٹ) اور عالمگیر غازی (94ویں منٹ) کے گول کی بدولت فرق کم کیا، لیکن ہندوستان نے تینوں پوائنٹس حاصل کر لیے۔ ہندوستان اس ٹورنامنٹ میں انڈر 23 ٹیم کے ساتھ حصہ لے رہا ہے۔
نو بار کی چیمپئن ہندوستانی ٹیم نے محتاط انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور مڈفیلڈ پر گرفت مضبوط کرنے کی کوشش کی۔ ابھیشیک سوریہ ونشی نے اس دوران اہم کردار ادا کیا۔ 12ویں منٹ میں کِپگین کے فضائی پاس پر سہیل بھٹ نے گیند کو جال میں پہنچایا، لیکن آف سائیڈ قرار دیے جانے کے سبب گول منسوخ کر دیا گیا۔ تاہم اگلے ہی منٹ میں بھٹ نے محمد سہیل کے بائیں جانب سے کیے گئے تھرو اِن پر ملنے والے شاندار پاس کو گول میں بدل کر ہندوستان کو برتری دلا دی۔
19ویں منٹ میں سوریہ ونشی کے پاس پر بھٹ نے دفاعی لائن کو چکمہ دیتے ہوئے گول کیپر یوسف بٹ کو مات دی اور گیند کو دور والے کونے میں پہنچا کر ہندوستان کی برتری دگنی کر دی۔ اس کے بعد 31ویں منٹ میں نوفل پی این نے کِپگین کو پاس دیا، جنہوں نے تیزی سے آگے بڑھتے ہوئے گول کیپر کو چکمہ دیا اور گیند جال میں پہنچا کر اسکور 3-0 کر دیا۔
پاکستان کو بھی گول کرنے کا موقع ملا، جب سوریہ ونشی نے پنالٹی ایریا میں ہایان کھٹک کو گرا دیا۔ تاہم شائک دوست کی پنالٹی کک کراس بار سے اوپر چلی گئی اور ہندوستان کی تین گول کی برتری برقرار رہی۔ پہلے ہاف کے اختتام سے قبل بھٹ ہیٹ ٹرک کے قریب پہنچے، لیکن 45ویں منٹ میں ان کا بائیں پاؤں سے لگایا گیا شاٹ ہدف سے ذرا باہر چلا گیا۔دوسرے ہاف میں بھی ہندوستانی ٹیم نے کھیل پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا اور برتری بڑھانے کے کئی مواقع بنائے۔ ایڈیسن سنگھ تھوکچوم کا ون آن ون موقع گول کیپر یوسف بٹ نے ناکام بنا دیا، جبکہ کِپگین کی ایک اور کوشش بھی ہدف پر نہیں پہنچ سکی۔ تاہم نواشاد موسیٰ کی ٹیم دوسرے ہاف میں کوئی گول نہیں کر سکی۔
پاکستان نے انجری ٹائم میں دو گول کرکے مقابلے کو دلچسپ بنا دیا۔ 91ویں منٹ میں جنید شاہ کے بائیں جانب سے بھیجے گئے کراس پر نجیب اللہ نے اونچی چھلانگ لگا کر ہیڈر کے ذریعے گیند کو ہندوستانی گول میں پہنچایا۔ اس کے تین منٹ بعد میکیل عبداللہ کے دائیں جانب سے دیے گئے کراس پر عالمگیر غازی نے گیند کو قابو میں لے کر شاندار انداز میں گول کیا اور اسکور 3-2 کر دیا۔ تاہم ہندوستانی ٹیم نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے کامیابی حاصل کر لی۔ہندوستان کا اگلا مقابلہ آئندہ بدھ کو گروپ بی کے آخری میچ میں مالدیپ سے ہوگا۔ ہر گروپ کی سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔
