گورنر نے دیوالی اور چھٹھ پر فائر سیفٹی کے لیے مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت دی
پٹنہ (یو این آئی) بہار کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل سید عطا حسنین (ریٹائرڈ) نے دیوالی اور چھٹھ پوجا کے پیش نظر فائر سیفٹی، بھیڑ پر قابو پانے اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں اور ایجنسیوں کو فول پروف سیکورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔
بہار لوک بھون میں منعقدہ جائزہ میٹنگ میں مختلف محکموں اور ایجنسیوں نے گورنر کو تہواروں کے دوران سیکورٹی اور آفات سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی تیاریوں کے بارے میں مطلع کیا۔گورنر نے سوشل میڈیا دیگر میڈیا چینلز اور بڑے پیمانے پر پیغامات کے موثر استعمال پر زور دیا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک سیکورٹی سے متعلق اہم معلومات کو پھیلانے کی ہدایت کی۔
میٹنگ میں بہار اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ ریاست بھر میں مختلف چھٹھ گھاٹوں کی شناخت کی جا رہی ہے اور محفوظ عبادت کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ گھاٹوں پر پانی کی گہرائی کی پیمائش کرنے، حفاظتی نشانات لگانے اور این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کے اہلکاروں کو غیر محفوظ مقامات پر تعینات کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ ریور ایمبولینس، لائٹنگ، کنٹرول روم، سی سی ٹی وی کیمرے، واچ ٹاور، بیت الخلا اور چینج روم فراہم کیے جا رہے ہیں۔ پارکنگ اور ٹریفک کے انتظام کے لیے بھی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
صحت کے سکریٹری کمار روی نے بتایا کہ تہواروں کے دوران ڈاکٹروں کی مناسب تعداد کو تعینات کیا جائے گا اور اسپتالوں کو چوکس رکھا جائے گا۔ دیوالی کے دوران جلنے کے متاثرین کے علاج کے لیے خصوصی طبی یونٹ تیار رہیں گے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مناسب ایمبولینسز بھی دستیاب کرائی جائیں گی۔
