تروپرنکندرم معاملے میں سپریم کورٹ کا ہفتہ کو دیپ جلانے کا حکم
عدالت نے مندر اور درگاہ دونوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مرکزی ریزرو پولیس فورس تعینات کرنے کی ہدایت دی
نئی دہلی، 27 نومبر (یواین آئی) سپریم کورٹ نے تمل ناڈو کے تروپرنکندرم معاملے میں جمعہ کو ایک انتہائی اہم حکم جاری کرتے ہوئے کل ہفتہ کو ‘دیپتھون’ (دیپ ستنبھ) پردیپ روشن کرنے کی ہدایت دی اور مدراس ہائی کورٹ کے حکم پر عائد روک ہٹاتے ہوئے ریاست کے چیف سکریٹری اور پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) سمیت کئی سینئر افسران کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا۔
عدالت نے واضح کیا کہ پہاڑی کی چوٹی پر واقع سکندر درگاہ سے کم از کم 50 میٹر کی دوری پر ہر عقیدت مند کو دیپ روشن کرنے کی اجازت ہوگی۔ عدالت نے مندر اور درگاہ دونوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کو تعینات کرنے کی ہدایت دی ہے۔اس کے ساتھ ہی عدالت نے سبرامنیا سوامی مندر کے ٹرسٹی بورڈ کو معطل کر دیا ہے اور سابق ججوں جسٹس ایس ویدیہ ناتھن اور جسٹس وی پارتھیبن کو رسیور مقرر کیا ہے۔
عدالت نے جن افسران کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ہے، ان میں تمل ناڈو کے چیف سکریٹری، ایچ آر اینڈ سی ای محکمے کے سکریٹری، تمل ناڈو کے ڈی جی پی، مدورئی کے ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ، مندر کے چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) اور مندر بورڈ کے اراکین شامل ہیں۔ ان تمام افسران کو 15 دسمبر کو ذاتی طور پر عدالت کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
