قومی خبریں

مودی۔ شاہ کی جوڑی کا پس پردہ کھیل جاننا چاہتا ہے ملک: کانگریس

ئی دہلی،  (یواین آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کی جوڑی پارلیمنٹ اور حلقہ بندی کے معاملے پر پس پردہ جو کھیل کھیل رہی ہے، ملک کے عوام اس کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔کانگریس کے شعبہ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر کہا کہ اب تک ملک کو یہ معلوم ہو جانا چاہیے تھا کہ اگر پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس ہونا ہے تو عوام اس کے بارے میں جاننا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مانسون اجلاس، جسے اب تک غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی نہیں کیا گیا ہے، اسے دوبارہ کب طلب کیا جائے گا، یہ بات بھی اب تک واضح ہو جانی چاہیے تھی۔ اس کے ساتھ ہی لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے لیے مسٹر مودی اور مسٹر شاہ کی جوڑی کی مایوس کن کوششوں کو دیکھنے کے بعد ملک یہ جاننے کا حق رکھتا ہے کہ اگر وہ حلقہ بندی کے سلسلے میں کسی فارمولے پر کام کر رہے ہیں تو وہ فارمولا کیا ہے۔

مسٹر رمیش نے یہ بھی کہا کہ مسلسل برقرار رہنے والا یہ معمہ دو باتوں کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ یا تو وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی جوڑی الجھن کا شکار ہے اور اپنے ہی دعوؤں میں پھنس گئی ہے یا پھر کوئی انتہائی خطرناک منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا، ”مسٹر مودی اور مسٹر شاہ دونوں ‘جی ٹی اے’ (گیانیش تھیفٹ ارینجرز) معاملے میں پوری طرح بے نقاب ہو چکے ہیں۔ بدقسمتی سے، پہلے ہی بری طرح متاثر پارلیمانی ادارے کو اس جوڑی کے اقدامات سے مزید کمزور کیا جا رہا ہے۔