ریاستی خبریں

جھارکھنڈ کے گریڈیہ میں دوہرے قتل کی واردات سے سنسنی، کلہاڑی سے حملہ کرکے سسر اور بہو کا قتل

گریڈیہ،  (یو این آئی) جھارکھنڈ کے گریڈیہ ضلع کے پچمبا تھانہ علاقے کے تحت رانی کھاوا میں دیر رات دوہرے قتل کی ایک سنسنی خیز واردات سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔سُنڈی ٹولہ کے رہنے والے ایک بزرگ خسر اور ان کی بہو کو تیز دھار ہتھیار (کلہاڑی) سے حملہ کرکے بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔مہلوکین کی شناخت تقریباً 65 سالہ سُکر منڈل اور ان کی 30 سالہ بہو شیلا منڈل کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع سے آج ملی اطلاع کے مطابق، نامعلوم جرائم پیشہ افراد نے رات تقریباً دو بجے اس واردات کو انجام دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ تاہم، اب تک قتل کی وجوہات کا واضح طور پر پتہ نہیں چل سکا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پچمبا تھانے کی پولیس موقع پر پہنچی اور دونوں لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر معاملے کی تحقیقات شروع کر دی۔بتایا جاتا ہے کہ مقتولہ شیلا منڈل کا شوہر جتیندر منڈل سورت میں رہ کر کام کرتا ہے۔ شیلا اپنے پیچھے دو بچوں کو چھوڑ گئی ہیں۔ ایک ہی خاندان کے دو افراد کے قتل سے اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے۔
ادھر، دوہرے قتل کی واردات کے بعد پورے علاقے میں مختلف طرح کی چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں اور لوگ واقعے کے حوالے سے کئی قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ فی الحال پولیس تمام ممکنہ پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تفتیش کر رہی ہے۔ پولیس کی تحقیقات کے بعد ہی قتل کی وجوہات اور اس واردات میں ملوث مجرموں کے بارے میں صورت حال واضح ہو سکے گی۔