قومی خبریں

مسلم مجرم ‘ٹائم بم’ اور دوسرے مذہب کے مجرم ‘پھل جھڑی’ کیوں؟ سچن ساونت کا چبھتا ہوا سوال

کانگریس پارٹی کے قومی سکریٹری سچن ساونت نے مزید کہا کہ کرلا میں بعض افراد کی جانب سے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے ساتھ کی گئی مارپیٹ انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ اس معاملے میں ملوث قصورواروں کو سخت سزا ملنی چاہیے۔ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ تاہم ریاست میں اس نوعیت کے متعدد واقعات پیش آ رہے ہیں، ایسے میں صرف منتخب واقعات کو مذہبی رنگ دے کر سیاسی پولرائزیشن کرنا بھی اتنا ہی غلط ہے۔

سچن ساونت نے کہا کہ مہاراشٹر میں امن و قانون کی بگڑتی ہوئی صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے۔ بالی ووڈ میں پیدا ہونے والی دہشت ہو یا پونے، تھانے، ناسک اور ریاست کے دیگر علاقوں میں پیش آنے والے جرائم کے واقعات، یہ تمام حالات صورت حال کی سنگینی کو واضح کرتے ہیں۔ خواتین پر تو کھلے عام مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ مجرم کا مذہب دیکھنے کے بجائے اس کا جرم دیکھا جانا چاہیے۔ جب تک جرائم کا خاتمہ نہیں ہوتا اور ریاست میں قانون کی حکمرانی قائم نہیں ہوتی، اس وقت تک کبھی امن و قانون کے معاملے میں مثالی سمجھے جانے والے مہاراشٹر کی شبیہ دوبارہ بحال نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے دورِ حکومت میں اب یہ کہنے کی نوبت آ گئی ہے کہ مہاراشٹر سے تو بہار بہتر ہے۔