ریاستی خبریں

ہریانہ نے حصار میں ہڑپہ دور کے آثار قدیمہ کے مقام کو محفوظ یادگار قرار دیا

پنچکولہ،  (یو این آئی) ہریانہ حکومت نے حصار ضلع کے کھارڑ علی پور گاؤں میں واقع ہڑپہ دور کے قدیم آثار قدیمہ کے مقام کو محفوظ یادگار قرار دے دیا ہے۔ اس کے تحت 46 کنال اور 11 مرلے زمین کو قانونی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد سرسوتی سندھ تہذیب کے شواہد کو محفوظ رکھنا ہے۔
محکمہ ورثہ و سیاحت نے 19 نومبر کو ہریانہ قدیم اور تاریخی یادگاروں اور آثار قدیمہ کے مقامات و باقیات کے قانون 1964 کی دفعہ 4(3) کے تحت نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے ذریعے اس مقام اور اس کے متعین آثار قدیمہ کے علاقے کو باضابطہ طور پر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق اس مقام پر ہڑپہ تہذیب کے تین اہم ادوار، یعنی ابتدائی ہڑپہ دور، پختہ ہڑپہ دور اور آخری ہڑپہ دور کے آثار ملے ہیں۔ اس اعتبار سے یہ مقام خطے میں قدیم بستیوں، زراعت، فن تعمیر اور ثقافتی طور طریقوں کی ترقی کو سمجھنے کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔حکومت نے کھارڑ علی پور کو ”سرسوتی سندھ تہذیب (ہڑپہ تہذیب) کے اہم مقامات میں سے ایک” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دریشدوتی ندی کے کنارے واقع ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی ہڑپہ دور، بالخصوص سوٹھی سسوال مرحلہ، بالائی سرسوتی وادی میں شہری تہذیب کی ترقی کی ایک اہم بنیاد فراہم کرتا ہے۔اس مقام سے ملنے والے آثار قدیمہ کے شواہد پختہ ہڑپہ دور کی خصوصیات کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔حکومت نے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ ”آخری ہڑپہ دور میں اس مقام نے ایک علاقائی مرکز کے طور پر اہم کردار ادا کیا۔”اس میں مزید کہا گیا ہے کہ یہاں ملنے والے آثار مختلف ادوار میں مادی ثقافت، فن تعمیر، زرعی سرگرمیوں اور مویشی پالنے کے طریقوں کی ترقی کو ظاہر کرتے ہیں۔
محفوظ قرار دیے گئے علاقے میں حصار تحصیل کے کھارڑ علی پور گاؤں کی چار اراضی شامل ہیں، جن کی شناخت کھیوٹ نمبر 190، 191، 192 اور 193 کے تحت کی گئی ہے۔یہ نوٹی فکیشن محکمہ ورثہ و سیاحت کے کمشنر اور سکریٹری امیت کمار اگروال نے جاری کیا ہے۔