تارکول پلانٹ سے زہریلا دھواں نکلنے سے 50 سے زائد اسکولی بچے بیمار
ترواننت پورم، (یو این آئی) کیرالہ کے ضلع کولم میں کوٹیم کے مقام پر ایک نجی تارکول مکسنگ پلانٹ سے دھواں اور بدبودار گیس خارج ہونے کے بعد قریبی اسکول کے 50 سے زائد بچوں کی طبیعت خراب ہونے کی اطلاعات پر کیرالہ ریاستی کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفال نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے معاملہ درج کیا ہے۔مقامی باشندوں کے مطابق، یہ پلانٹ گزشتہ 4 ماہ سے زیادہ عرصے سے بند تھا، لیکن حال ہی میں دوبارہ کام شروع کر دیا گیا۔ ان کا الزام ہے کہ پلانٹ سے نکلنے والے دھوئیں اور تیز بدبو کے باعث اسکول کے بچے بیمار ہو گئے۔
کمیشن نے اس واقعے کے سلسلے میں ضلع کلکٹر، ضلع میڈیکل افسر، ضلع ارضیات افسر، کیرالہ ریاستی آلودگی کنٹرول بورڈ کے ماحولیاتی انجینئر، پنچایت سکریٹری، ضلع تحفظ اطفال افسر، اسکول کے ہیڈ ماسٹر اور تارکول مکسنگ پلانٹ کے منیجر سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
یہ رپورٹ واقعے اور ان حالات کے بارے میں طلب کی گئی ہے، جن کی وجہ سے اسکولی بچوں کو صحت سے متعلق پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
