ریاستی خبریں

جھارکھنڈ کے رام گڑھ میں ٹاٹا میجک اور ہائیوا میں زبردست ٹکر، دو ہلاک، چار زخمی

رام گڑھ،  (یو این آئی) جھارکھنڈ کے رام گڑھ ضلع کے چترپور میں جمعرات کی علی الصبح پیش آئے بھیانک سڑک حادثے میں دو افراد کی موت ہو گئی، جبکہ چار دیگر شدید زخمی ہو گئے۔یہ حادثہ چترپور کے کالی چوک کے قریب صبح تقریباً تین بجے پیش آیا، جہاں ٹاٹا میجک اور ہائیوا کے درمیان آمنے سامنے کی زبردست ٹکر ہو گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹاٹا میجک میں سوار افراد کو سنبھلنے کا موقع تک نہیں ملا۔ حادثے کے بعد جائے وقوع پر چیخ و پکار مچ گئی۔
پولیس ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق ٹاٹا میجک گولا کی جانب سے رام گڑھ جا رہا تھا۔ اسی دوران چترپور کالی چوک کے قریب سامنے سے آ رہے ہائیوا سے اس کی زوردار ٹکر ہو گئی۔ حادثے کے وقت میجک میں کل چھ افراد سوار تھے۔ ٹکر میں دو افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے۔ دونوں متوفی گولا کے رہنے والے بتائے جا رہے ہیں، تاہم خبر لکھے جانے تک ان کی شناخت کی تفصیلات سامنے نہیں آئی تھیں۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کی آواز سن کر آس پاس کے دیہاتی فوری طور پر موقع پر پہنچے اور راحت و بچاؤ کا کام شروع کر دیا۔ دیہاتیوں نے حادثے کا شکار ٹاٹا میجک میں پھنسے افراد کو باہر نکالا اور زخمیوں کو علاج کے لیے رام گڑھ صدر اسپتال پہنچایا۔ واقعے کے بعد کالی چوک کے آس پاس لوگوں کی بڑی بھیڑ جمع ہو گئی۔مقامی لوگوں نے واقعے کی اطلاع رجراپا تھانے کی پولیس کو دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے حادثہ پر پہنچی اور حادثے میں شامل ہائیوا کو قبضے میں لے لیا۔ ہائیوا کا رجسٹریشن نمبر جے ایچ 02 بی زیڈ 3351 بتایا گیا ہے۔پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ فی الحال یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ دونوں گاڑیوں کے درمیان ٹکر کن حالات میں ہوئی۔ حادثے کے بعد علاقے میں غم اور افراتفری کا ماحول ہے۔