ریاستی خبریں

الٹی میٹ اتراکھنڈ ہمالین ایم ٹی بی چیلنج 2026 شروع

ضلع نینی تال کے مکتیشور میں کابینی وزیر رام سنگھ کیڑا نے سائیکل ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا

مکتیشور (نینی تال)،  (یواین آئی) اتراکھنڈ کے ضلع نینی تال کے مکتیشور میں جمعہ کو کابینی وزیر رام سنگھ کیڑا نے سائیکل ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی الٹی میٹ اتراکھنڈ ہمالین ایم ٹی بی چیلنج 2026 کا آغاز ہوگیا۔
اس موقع پر مسٹر کیڑا نے کہا کہ یہ اتراکھنڈ کے لیے فخر کی بات ہے کہ ریاست میں اس طرح کے مہماتی کھیلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کا آغاز مکتیشور سے ہونا بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔
کابینی وزیر نے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریاست کے پہاڑی اور میدانی علاقوں کو ایک گلدستے کی طرح جوڑ کر ترقی کی راہ پر آگے بڑھانے کا کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام ریاست کے تمام علاقوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ ریاست کے ثقافتی ورثے، قدرتی خوب صورتی اور سیاحتی امکانات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر شناخت دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحت کے سکریٹری دھیرج سنگھ گربھیال بھی اس پروگرام کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس سے قبل ضلع مجسٹریٹ کی حیثیت سے دھیرج سنگھ گربھیال نے کماؤں کی ثقافت، روایات اور سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کئی اہم کام انجام دیے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مکتیشور سے شروع ہونے والا الٹی میٹ اتراکھنڈ ہمالین ایم ٹی بی چیلنج 2026 ریاست کے 10 اضلاع سے گزرتے ہوئے تقریباً 658 کلومیٹر کا سفر طے کرے گا اور 26 نومبر کو مسوری میں اختتام پذیر ہوگا۔
اس موقع پر سکریٹری سیاحت دھیرج سنگھ گربھیال، کے ایم وی این کے منیجنگ ڈائریکٹر وینیت تومر، چیف ڈیولپمنٹ افسر اروند کمار پانڈے، کے ایم وی این کے منیجر منیش سنگھ، بی جے پی کے ضلعی صدر پرتاپ بشٹ، وزیر مملکت دیویندر ڈھیلا، سیاحت ترقیاتی کونسل کی مشاورتی کمیٹی کے رکن نتن رانا، ضلعی سیاحت ترقیاتی افسر کیرتی آریہ اور ایف سی آئی کے عہدیداران سمیت کئی افراد موجود تھے۔