کھیل کھلاڑی

فیصلہ کن مقابلے میں ہندوستانی بلے بازوں کو دکھانا ہوگا دم خم

ماؤنٹ مونگانوئی(یو این آئی) چوتھے ون ڈے میں بلے بازی کی ناقص کارکردگی کے بعد ہندوستان اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں اور فیصلہ کن مقابلے میں اپنی خامیوں کو دور کرنے کی کوشش کرے گا۔ہندوستانی کوچ گوتم گمبھیر نے کہا، ”جب آپ کی پوری ٹیم تقریباً 90 رن پر سمٹ جاتی ہے تو تشویش ہونا فطری ہے۔ مجھے تشویش کیوں نہیں ہوگی؟ مجھے فکر ہوگی، کیونکہ یہ ایسے حالات ہیں جو کافی حد تک ان حالات سے ملتے جلتے ہیں جن کا سامنا ہمیں ورلڈ کپ کے دوران کرنا پڑ سکتا ہے۔”گوتم گمبھیر نے واضح کیا ہے کہ ہندوستان کی حالیہ بلے بازی کی ناکامی ایسی نہیں ہے جسے ٹیم آسانی سے بھلا سکے۔ تاہم، سیریز اب بھی ہندوستان کی گرفت میں ہے، اس لیے اب پوری توجہ اس بات پر ہے کہ وہ ماؤنٹ میں فیصلہ کن مقابلے میں کیسی کارکردگی دکھاتا ہے۔

ہندوستانی ٹیم اگرچہ سیریز میں 2-1 سے آگے ہے، لیکن اس کی فتوحات زیادہ متاثر کن نہیں رہی ہیں اور بلے بازی اب بھی تشویش کا باعث ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ چوتھے ون ڈے میں شاندار کامیابی کے بعد اپنی لے برقرار رکھتے ہوئے سیریز برابر کرنے کی کوشش کرے گا۔ ورلڈ کپ قریب ہونے کے باعث یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کو اپنے کمبی نیشن اور کھلاڑیوں کو پرکھنے کا ایک اور موقع فراہم کرے گا۔تاہم، دونوں ٹیمیں تبدیل شدہ گیندبازی لائن اپ کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ میٹ ہنری، جنہوں نے گزشتہ مقابلے میں چھ وکٹ لے کر نیوزی لینڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا، ٹیسٹ کی تیاریوں کے لیے ٹیم سے ریلیز کر دیے گئے ہیں۔ کائل جیمیسن کو بھی اسی طرح ٹیم سے فارغ کیا گیا ہے۔ ہندوستان کی جانب سے گرنور برار دستیاب نہیں ہوں گے، کیونکہ انہیں ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور وہ ویلنگٹن میں ٹیم کی تیاریوں سے وابستہ ہوں گے۔

ہنری کی عدم موجودگی ہندوستان کے لیے بڑا فائدہ ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ وہ گزشتہ میچ کو بھلا کر مضبوط بلے بازی کا مظاہرہ کرنا چاہے گا۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ کو ول ینگ کی فارم میں واپسی سے حوصلہ ملے گا اور اسے امید ہوگی کہ ہنری کی غیر موجودگی میں اس کے دیگر گیندباز ذمہ داری سنبھال لیں گے۔چوتھے ون ڈے میں تیز گیندبازوں کو کافی مدد ملی تھی، تاہم گزشتہ دو ون ڈے میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کرنے والے شریئس ایئر نے کہا تھا کہ ”پہلی اور دوسری اننگز کی پچ میں بہت بڑا فرق تھا۔” پوری سیریز میں ٹاس ہندوستان کے حق میں رہا ہے اور اگر اس بار بھی ایسا ہوتا ہے تو یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ ٹیم کیا فیصلہ کرتی ہے۔ موسم کی بات کریں تو ایک اور دن موسم صاف رہنے کی توقع ہے۔

ٹیم کی صورتحال

نیوزی لینڈ: اس مقابلے میں میٹ ہنری اور کائل جیمیسن دستیاب نہیں ہوں گے، اس لیے ان کی جگہ جیکب ڈفی اور بلیئر ٹکنر کو ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ممکنہ پلیئنگ الیون: ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، ول ینگ، نک کیلی، ڈین فاکس کرافٹ، فن ایلن، مائیکل بریسویل، مچل سینٹنر (کپتان)، کرسچین کلارک، بلیئر ٹکنر، جیکب ڈفی، میتھیو فشر۔

ہندوستان: گرنور برار ٹیسٹ کی تیاریوں کے لیے ٹیم سے وابستہ ہونے جا رہے ہیں، اس لیے ان کی جگہ محمد سراج کو موقع دیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ میچ میں خراب فارم سے دوچار کلدیپ یادو کی جگہ تیز گیندباز یش ٹھاکر کو بھی ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔

ممکنہ پلیئنگ الیون: روہت شرما، رُتوراج گائیکواڑ، وراٹ کوہلی، شریئس ایئر (کپتان)، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، اکشر پٹیل، نمن دھیر، عاقب نبی، کلدیپ یادو/یش ٹھاکر، محمد سراج، ارشدیپ سنگھ۔