بہارشریف(محمد راشد عالم) انجمن مفید الاسلام نالندہ کا اجلاس جمعہ کو ہولی کے حوالے سے منعقد ہوا۔جس میں بتایا گیا کہ 14 مارچ 2025 دن جمعہ کو ہمارے ہم وطن ہولی منائیں گے اور مسلمان بھائی نماز جمعہ بھی ادا کریں گے۔یہ رنگوں کا تہوار ہے اور دوسری طرف مسلمانوں کا مقدس ترین مہینہ رمضان المبارک کا دوسرا جمعہ ہے۔ہمارا ملک گنگا جمنا تہزیب کا ملک ہے جہاں ہم تمام تہوار ایک ساتھ مناتے ہیں۔لیکن سماج دشمن عناصر کی طرف سے ماحول کو خراب کرنے اور امن میں خلل ڈالنے کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔تاہم ہمیں سماج کے خلاف کام کرنے والے سماج دشمن عناصر سے ہوشیار رہنا ہوگا اور ہم اس تہوار کو باہمی بھائی چارے،ہم آہنگی اور امن وامان کے ماحول میں منانے کی انجمن مفید الاسلام نالندہ گزارش کرتی ہے۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ اس تہوار کو مکمل طور پر پرامن طریقے سے منانے کے لیے پوری طرح الرٹ اور تیار ہے اور انتظامیہ کی جانب سے مجسٹریٹ سمیت پولیس کی بڑی تعداد کو تعینات کیا جائے گا جو تمام چوکوں،چوراہوں اور مسجدوں کے قریب موجود رہیں گے اور گشتی کرتے رہیں گے۔انتظامیہ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ کو برداشت نہیں کرے گی۔ہولی تہوار کے موقع پر اس سے پہلے جمعہ کو بھی پڑ چکی ہے۔دونوں برادریوں کے لوگوں نے مل کر تہوار منایا اور اس بار بھی منائیں گے۔پولیس انتظامیہ کسی بھی شرپسند کو نہیں بخشے گی اور شرپسندوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی۔مسلم کمیونٹی کے لوگ جمعہ کی نماز مقامی مسجدوں میں ادا کریں اور اپنے بچوں کو بھی مقامی مسجد میں نماز ادا کرنے کی ہدایت کریں۔اس طرح سماج دشمن عناصر کو بتائیں کہ ہندو اور مسلمان مل جل کر رہیں گے۔ہم گنگا زمینی کی ثقافت کو ہمیشہ برقرار رکھیں گے ہم سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ہم نماز ادا کریں گے اور اپنے ہم وطنوں کے ساتھ ہولی بھی منائیں گے۔اس میٹنگ میں انجمن مفید الاسلام کے سیکرٹری محمد اکبر آزاد،وہاب جعفری،محمد امین خان،محمد شکیل دسنوی،نائب صدر میر ارشد حسین،محمد چاند،سابق کونسلر وغیرہ موجود تھے۔