پھلواری شریف،12/جون(پریس ریلیز):حضرت مولانا انیس الرحمن قاسمی امیر شریعت بہار، اڑیسہ و جھارکھنڈ نے احمد آباد میں پیش آنے والے اندوہناک فضائی حادثے پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ قرار دیا ہے، جس نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔آج بروز جمعرات، 12 جون 2025 کو احمد آباد کے نواحی علاقے میں ایک مسافر بردار طیارہ پرواز کے فوراً بعدتکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا۔ اس المناک حادثے میں بڑی تعداد میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو گئیں، جن میں خواتین، مرد اور ممکنہ طور پر بچے بھی شامل ہیں، جب کہ کئی دیگر شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ جائے حادثہ پر ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کی؛ مگر تباہی کی شدت ایسی تھی کہ دل دہل گئے اور ملک بھر میں رنج و غم کی فضا چھا گئی۔حضرت امیر شریعت نے اس موقع پر اپنے تعزیتی بیان میں فرمایا: ایسے سانحات پر الفاظ ساتھ نہیں دیتے۔ یہ صرف متاثرہ خاندانوں کا غم نہیں؛ بلکہ پورے ملک کا اجتماعی دکھ ہے۔ ہم ان تمام والدین، بچوں، بھائیوں، بہنوں اور عزیزوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں جنہوں نے اپنے پیارے یکایک، انتہائی المناک انداز میں کھو دیے۔”
مولانا قاسمی نے مرحومین کے لیے مغفرت، درجات کی بلندی اور پس ماندگان کے لیے صبر و سکون کی دعا کی، نیز زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں۔انہوں نے اس حادثے کے اسباب پر سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہوئے حکومتِ ہند اور وزارت شہری ہوا بازی سے مطالبہ کیا کہ:(1) اس حادثے کی اعلیٰ سطحی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائے؛ تاکہ اصل وجوہات(خواہ تکنیکی خرابی، انسانی غفلت یا کوئی اور کوتاہی)سامنے آسکیں۔
(2)متاثرہ خاندانوں کو فوری اور مناسب مالی معاوضہ دیا جائے۔
(3)زخمیوں کے علاج کا مکمل بندوبست حکومت کے خرچ پر کیا جائے۔(4)حادثے کی شفاف رپورٹ جلد از جلد عوام کے سامنے پیش کی جائے۔(5) ملک بھر میں ہوائی سفر کے نظام اور طیاروں کی حفاظت کے نظامِ کار کااز سرِ نو جائزہ لیا جائے؛ تاکہ مستقبل میں ایسے دل خراش واقعات کا تدارک ممکن ہو سکے۔آخر میں حضرت امیر شریعت نے تمام اہل ایمان،خیرخواہ شہریوں اور درد مند دل رکھنے والوں سے اپیل کی کہ وہ اس سانحے میں جاں بحق ہونے والوں اوران کے وارثین کے لیے دعا کریں، زخمیوں کی شفایابی کے لیے دعا گو ہوں اور ملک و ملت کو ہر قسم کی آزمائش و آفات سے محفوظ رکھنے کے لیے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں التجا کریں۔