پٹنہ : ادارہ تحقیقات عربی و فارسی ، کے زیر اہتمام آج ڈائریکٹر کے چیمبر میں تقریب اجراء عمل میں آیا ۔ جس میں ادارہ کا علمی، ادبی تحقیقی مجلہ فارسی ادب کے معروف استادپروفیسر غلام مجتبیٰ انصاری کے علمی و ادبی خدمات پر مبنی خصوصی نمبر اور ادارہ کا مجموعہ ء مقالات تفہیم ادب کا اجراء مہمانان کے ہاتھوں ہوا۔ اس تقریب اجراء کی صدارت کرتے ہوئے مدرسہ اسلامیہ شمس الہدیٰ کے پرنسپل مولانا سید شاہ مشہود احمد قادری ندوی نے کہا کہ پروفیسر غلام مجتبیٰ انصاری فارسی دنیا کا ایک جانا مانا نام ہے ۔ آپ فارسی کے استا د ہونے کے ساتھ ساتھ ممتاز ادیب ، ناقد ، انشاپرداز، مصلح قوم اور محب وطن تھے ۔ پروفیسر کو بہت ہی قریب سے دیکھنے اور سننے کا موقع ملا۔ فارسی ادب میں انکی شخصیت بین الاقوامی سطح پر ممتاز رہی ۔اس موقع پر گورنمنٹ ارد و لائبریری کے چیرمین ارشد فیروز نے کہا کہادارہ تحقیقات عربی و فارسی ، نے فارسی کے ممتاز ادیب پروفیسر غلام مجتبیٰ انصاری کی علمی خدمات پر خصوصی نمبر شائع کرکے بہت مفید کام کیا ہے۔ انکی زندگی کے بارے اس دور کے لوگ بھی آشنا ہونگے ۔ پروفیسر انصاری فارسی زبان و ادب کے ماہر استاد اور مقبول شاعر تھے ۔ بہار ہی نہیں بلکہ ہندوستان میں فارسی زبان و ادب کی آبیاری میں اہم رول رہا ہے ۔ انہوں نے فارسی زبان و ادب کے تعلق سے متعدد کتابیں لکھیں جو اساتذہ اور ریسرچ اسکالر کے مفید اور کارآمد ہے ۔پروفیسر صفدر اما م قادری نے مہمان اعزازی کی حیثیت سے بولتے ہوئے کہا کہ پروفیسر غلام مجتبیٰ انصاری کو میں نصف صدی سے جانتا رہا ہوں اور ادب کے میدان میں ان سے قربت بھی حاصل رہی ، پروفیسر غلام مجتبیٰ انصاریبہار میں فارسی تحقیق ، تنقید کی اس روشن روایت کے امین تھے ۔ پروفیسر غلام مجتبیٰ انصاری اپنے پیشروئوں کے علمی و ادبی ورثہ کے تحفظ میں کامیاب رہے اس کی وجہ یہ تھی کہ ان کی ذات میں علم و دانش کے ساتھ اس جذبہ کا وفور بھی تھا جو زندگی کی آخری سانس تک علم وادب اور تصنیف و تالیف کے لئے خود کو وقف کردینے کی تحریک بخشا ہے ۔اس موقع پر ادارہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اعجاز احمد نے کہا کہ ادارہ کے زیر اہتمام تقریب اجرا کو پہلے ہونا تھا مگر نامساعد حالات کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہوسکاہے ۔ اللہ کا شکر ہے پروفیسر غلام مجتبیٰ انصاری کے علمی خدمات پر مبنی تحقیق کا خصوصی شمارہ کے ساتھ ساتھ مجموعہ مقالات تفہیم ادب کا اجرا عمل میں آیا ۔نثار احمد فیضی اور ڈاکٹر انوارالہدیٰ نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ پرویز عالم نے تقریب اجرا کی نظامت کی ۔