جالے، 27مارچ: انٹرکے امتحان میں فیضی اردو کلاسیز کے طلبہ وطالبات کی اعلی نمبرات سے کامیابی پر اسلامک مشن اسکول جالے کے ڈائریکٹر مولانا ارشد فیضی قاسمی نے نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے جہاں ان کی حوصلہ افزائی کی ہے وہیں انہوں نے کہا ہے کہ ان بچوں کی شاندار کامیابی سے نئی نسل کے بچوں کو خود اعتمادی کے ساتھ آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا اور انہیں زندگی کے میدان میں کچھ بہتر کرپانے کی سیکھ ملے گی،مولانا فیضی نے کہا کہ بلند حوصلے اور مسلسل محنت سے ہی کسی بڑی کامیابی تک پہنچ پانا آسان ہوتا ہے ،اس لئے طلبہ کو مسلسل جد وجہد کرنی ہوگی اور اپنے لئے وہ راہیں تلاشنی ہوں گی جن پر وہ مکمل حوصلے کے ساتھ چل سکیں انہوں نے قوم کی نئی نسل کو ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی حوصلہ افزائی سے انہیں علم کے میدان میں آگے بڑھنے کا قابل رشک جذبہ پیدا ہوگا ،مولانا فیضی نے کہا کہ تقابل کے اس دور میں اپنے آپ کو ثابت کرنے کے لئے محنت ومشقت کے راستے سے گذر کر ہی آگے بڑھ پانا ممکن ہو گا اس لئے نئی نسل کو اپنے مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے جد وجہد کا مظاہرہ کر تے رہنا ہوگا،قابل ذکر ہے کہ فیضی اردو کلاسیز کے جن طلبہ وطالبات نے اعلی نمبرات سے کامیابی حاصل کی ہے ان میں زینب خانم بنت محمد نور علی خان جالے 411 نمبر،ادیبہ سراج بنت سراج احمد جالے421 نمبر،عافیہ سراج بنت سراج احمد جالے 451 نمبر،کے نام خاص طور پر شامل ہیں۔