وراٹ،روہت اورسورویہ کمار کی نصف سنچری،56رنوںسے ملی جیت
سڈنی: وراٹ کوہلی، روہت شرما اور سوریہ کمار یادو کی نصف سنچریوں کے بعد بھونیشور کمار (9/2) نے جمعرات کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے یکطرفہ مقابلے میں نیدرلینڈ کو 56 رن سے شکست دے دی۔سپر 12 کے میچ میں ہندستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے دو وکٹوں کے نقصان پر 179 رن بنائے ۔ جواب میں ہالینڈ کی ٹیم نو وکٹوں کے نقصان پر 123 رن ہی بنا سکی۔ دو میچوں میں دوسری جیت کے ساتھ ہی ہندوستان گروپ-2 ٹیبل میں ٹاپ پر پہنچ گیا ہے ۔روہت، کوہلی اور سوریہ کمار کی نصف سنچریوں نے سست پچ پر ہندوستان کی جیت کی بنیاد رکھی۔ فارم میں واپسی کی امید کرتے ہوئے روہت نے 39 گیندوں پر 53 رن بنائے جبکہ کوہلی نے 44 گیندوں پر تین چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 62 رن بنا کر ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری نصف سنچری بنائی۔ سوریہ کمار نے 25 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 51 رن بنائے ۔بھونیشور کمار نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہالینڈ کے اوپنر وکرمجیت سنگھ کو آؤٹ کرتے ہوئے پہلے دو اووروں میں ایک بھی رن نہیں دیا۔ نیدرلینڈ بھونیشور کی سخت گیند بازی سے پیدا ہونے والے دباؤسے نہیں نکل سکا اور باقاعدہ وکٹیں کھو کر آل آؤٹ ہونے کے دہانے پر پہنچ گیا۔ تاہم پال وین میکرن اور شاریز احمد نے آخری دو اوور کھیل کر ڈچ ٹیم کو آل آؤٹ ہونے سے بچایا۔ اس کے علاوہ ارشدیپ سنگھ، اکشر پٹیل اور روی چندرن اشون نے بھی دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سمیع کو ایک کامیابی ملی۔ہندستان کا اگلا میچ 30 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہے جبکہ اسی دن ہالینڈ کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔گروپ-2 کے میچ میں ہندستان نے ٹاس جیت کر بلے بازی کرتے ہوئے سست شروعات کی۔ سلامی بلے باز لوکیش راہل نو رن کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو ئے ۔ روہت نے بھی کچھ دیر جدوجہد کی لیکن آٹھویں اوور میں انہوں نے لوگن وین بیک کو چھکا لگا کر اپنے ہاتھ کھولے ۔روہت اور کوہلی نے دوسرے وکٹ کے لیے 73 رن کی شراکت داری کی۔ روہت کا وکٹ گرنے کے بعد کوہلی نے سوریہ کمار کے ساتھ 95 رن کی دھماکہ خیز شراکت داری کرکے ہندوستان کو 20 اوور میں 179/5 تک پہنچا دیا۔اس دوران روہت (34) یوراج سنگھ (33) کو پیچھے چھوڑ کر کرس گیل (63) کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی بن گئے ۔ وہ تلک رتنے دلشان (897) کو بھی پیچھے چھوڑ کر ٹی 20 ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رن بنانے والوں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ۔ وراٹ اس فہرست میں گیل (965) کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ہدف کے تعاقب میں ہالینڈ کی ٹیم نے 20 رن پر دو وکٹیں گنوا دیں۔ بھونیشور نے وکرمجیت کا وکٹ لیا اور دو میڈن اوور پھینکے جبکہ اکشر پٹیل نے میکس اوڈاود (16) کو پویلین بھیجا۔باس ڈی لیڈ (16) اور کولن ایکرمین (17) نے تیسری وکٹ کے لیے 27 رن کی شراکت کی لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی نیدرلینڈ کی وکٹ گرنے کی لائن لگ گئی۔ اشون نے ایکرمین اور ٹام کوپر کو آؤٹ کیا جبکہ اکشر نے باس ڈی لیڈ کا وکٹ لیا۔سمیع نے ہالینڈ کے لیے سب سے زیادہ رن بنانے والے ٹم پرنگل (20) کا وکٹ لیا۔ ارشدیپ سنگھ نے مسلسل گیندوں میں لوگن وین بیک اور فریڈ کلاسن کو آؤٹ کیا ںیکن وہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کے لئے پہلی ہیٹ ٹرک لینے سے محروم رہے ۔ شاریز احمد نے 16 جبکہ پال وین میکرن نے 14 رن بنائے ، حالانکہ وہ صرف شکست کے مارجن کو ہی کم کر سکے ۔ہندستان نے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو شکست دی تھی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان گروپ 2 میں چار پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر پہنچ گیا ہے جبکہ جنوبی افریقہ تین پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔