
جالے: مقامی قاضی احمد انٹر کالج کھیل میدان میں جاری لیڈر بال سے جالے کرکٹ پریمیئر لیگ سیزن 9 کے فائنل میچ کا افتتاح جالے کے سابق ایم ایل اے رشی مشرا اور یوتھ کانگریس کے سابق قومی جنرل سکریٹری محمد نوشاد کے ہاتھوں ہوا۔ یہ فائنل مقابلہ سیتامڑھی اور پوپری سب ڈویژن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سیتامڑھی کی ٹیم 20 اوور کے میچ میں محض 13 اوور میں 84 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔پوپری کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 17ویں اوور میں 83 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی اور یوں سیتامڑھی نے محض ایک رن سے کامیابی حاصل کر کے جالے کرکٹ پریمیئر لیگ سیزن 9 کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر پوپری کے سنیل کمار بوبنا کو مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔ جبکہ فائنل میچ میں بہترین کارکردگی کی بنا پر سیتامڑھی کے کھیلاڑی شمیم کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا، جنہوں نے 3 اوور میں 3 اہم وکٹیں حاصل کیں اور بلے بازی میں 12 رنز کا تعاون دیا۔فاتح ٹیم کو اشفر احمد (ضلع کانگریس انچارج دربھنگہ)، تقویم اختر (خواجہ غریب نواز نرسنگ کالج کے ڈائریکٹر)، اور ڈاکٹر شفیع اللہ چمن کے ہاتھوں ٹرافی دی گئی۔ رنر اپ ٹیم کو جن سوراج پارٹی کی ریاستی عاملہ کی رکن آمنہ خاتون، ڈاکٹر رام پرویش ٹھاکر، بھوشن جھا آزاد، اور عامر اقبال کے ہاتھوں ٹرافی دی گئی۔ فاتح ٹیم کو15 ہزار 500 کا چیک تقویم اختر اور اشفر احمد کے ہاتھوں دیا گیا، جبکہ رنر اپ ٹیم کو 6 ہزار 500 کا چیک جن سوراج لیڈر آمنہ شفیع کے ہاتھوں دیا گیا۔اس موقع پر وارڈ 18 کے کونسلر آرزو بیگ، وارڈ 25 کے ہفج الرحمٰن، وارڈ 5 کے راہول داس، وارڈ 4 کے امام، وارڈ 13 کے قمر علی، وارڈ 9 کے افتخار کے علاوہ جالے ITI کے ڈائریکٹر شہباز محمد، محمد کامران، محمد عابد، محمد امداد، شمشاد بیگ، محمد دانش، محمد فہد اور دیگر معزز شخصیات موجود رہیں۔ٹورنامنٹ کے صدر شیخ اختر حسین جالوی نے تمام مہمانوں کو مومینٹو پیش کر کے ان کا استقبال کیا اور شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا۔











