سڈنی، جنوبی افریقہ نے رائلی روسو (109) کی شاندار سنچری کے بعد انرک نارکھیا(10 رن دے کر چار وکٹیں) اور تبریز شمسی (20 رن پر تین وکٹیں) کی خطرناک گیند بازی کی بدولت بنگلہ دیش کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2022 میں 104 رن سے شکست دے دی۔جنوبی افریقہ نے سپر 12 مرحلے کے میچ میں بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 206 رن کا ہدف دیا ۔ اس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 16.3 اوورز میں 101 رنز پرسمٹ گئی۔روسو نے کوئنٹن ڈی کاک (63) کے ساتھ 168 رن کی زبردست شراکت داری کی جس کی بدولت جنوبی افریقہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کا سب سے بڑا اسکور کرنے میں کامیاب رہی۔ نارکھیا نے جنوبی افریقہ کی جیت پر مہر لگاتے ہوئے صرف 10 دے کر چار وکٹیں حاصل کیں ۔ اس کے علاوہ تبریز شمسی نے تین جبکہ کاگیسو ربادا اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جنوبی افریقہ کا پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد یہ زبردست جیت ان کے نیٹ رن ریٹ میں نمایاں اضافہ کرے گی۔جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر بلے بازی کرتے ہوئے کپتان ٹیمبا باوما کا وکٹ دورنوں پر گنوادیا۔اس کے بعد روسو اور ڈی کاک نے 168 رنز کی شراکت کرکے بنگلہ دیش کو بیک فٹ پر پہنچا دیا۔ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی شراکت داری ہے ۔ ڈی کاک نے آؤٹ ہونے سے قبل 38 گیندوں میں سات چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 63 رنز بنائے ۔ دوسری جانب روسو نے اپنی سنچری مکمل کرتے ہوئے 56 گیندوں پر سات چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 107 رنوں کی اننگ کھیلی۔ یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کی پہلی، جبکہ روسو کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں لگاتار دوسری سنچری ہے ۔ اس سے قبل انہوں نے اندور میں بھارت کے خلاف کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی سنچری بنائی تھی۔ وہ فرانس کے گستاو میکئون کے بعد ٹی 20 انٹرنیشنل میں لگاتار دو سنچریاں بنانے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔روسو ڈی کاک کی شراکت نے جنوبی افریقہ کو 15 اوورز میں 176 رنز تک پہنچا دیا، لیکن اس کے بعد بنگلہ دیش نے روسو، ڈی کاک اور مارکرم کا وکٹ لیتے ہوئے رنوں کی رفتار کوروکا۔ جنوبی افریقہ آخری پانچ اوورز میں 29 رن ہی بناسکا لیکن دھماکہ خیز آغاز کے زور پر اس نے 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز بنائے جو کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کا سب سے بڑا اسکور ہے ۔بنگلہ دیش کی جانب سے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سومیا سرکار (15) نے پہلے ہی اوور میں دو چھکے لگائے لیکن اس کے بعد ٹائیگرز کی جانب سے کوئی بہتر کارکردگی نہیں ہوئی۔ جنوبی افریقہ نے کسی ہوئی گیند بازی کرتے ہوئے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش کے آٹھ بلے باز ڈبل فیگر کو چھونے میں ناکام رہے ۔ اس دوران کپتان شکیب الحسن بدقسمتی سے نورکھیا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے ۔ ٹی وی ری پلے میں واضح تھا کہ شکیب ناٹ آؤٹ ہیں تاہم وہ امپائر کے فیصلے پر نظرثانی کیے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے ۔ لٹن داس نے تنہا جدوجہد کرتے ہوئے 31 گیندوں پر 34 رنز بنائے ، حالانکہ وہ بنگلہ دیش کے آٹھویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوگئے ۔بنگلہ دیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں نیدرلینڈزپر جیت حاصل کی تھی، حالانکہ اس سے پہلے وہ اپنے آخری چھ ٹی ٹوئنٹی میچ ہار چکے تھے ۔بنگلہ دیش سپر 12 کے اپنے اگلے مقابلے میں زمبابوے کا سامنا کرے گی، جبکہ جنوبی افریقہ کا مقابلہ ہندوستان سے ہوگا۔