مرادآباد:دیوالی کے موقع پر جب پورا شہر دیوالی کے جشن میں ڈوبا ہوا تھا، جواری پولیس پر پتھراؤ کر رہے تھے۔ تھانہ ناگ پھنی حلقہ کے نواب پورہ سینی بستی میں سڑک پر جوا کھیلنے والے کچھ لوگوں نے دیر شب راہگیروں کے پیسے چھین لیے، راہگیر وںکی شکایت پر پولیس موقع پر پہنچی تو شرابی جواریوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ یہ تہوار کا وقت تھا، اس لیے پولیس فوراً حرکت میں آگئی۔ ایس پی سٹی اکھلیش بھدوریا سمیت تمام پولیس افسران اضافی فورس کے ساتھ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرکے حالات کو قابو میں کیا۔ تھانہ ناگ پھنی پولیس نے پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔پولیس پر پتھراؤ کا یہ واقعہ سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہو گیا ہے۔ جس کی مدد سے پولیس ملزمین کی شناخت میں مصروف ہے۔ سی او کوتوالی مہیش چندر گوتم نے بتایا کہ اس معاملے میں کچھ مشتبہ افراد کو پکڑا گیا ہے، ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔یہ واقعہ ناگ پھنی تھانہ علاقہ کے نواب پورہ سینی بستی کے رہنے والے مکیش ولد ہردیال کے ساتھ پیر کی رات پیش آیا۔ سی او مہیش چندر گوتم نے بتایا کہ مہیش کہیں جا رہا تھا کہ راستے میں جوا کھیل رہے جواریوں نے اس سے رقم چھین لی۔ جواری شراب کے نشے میں دھت تھے۔ مکیش کی شکایت پر جب پولس معاملے کی جانچ کرنے موقع پر پہنچی تو جواریوں نے پتھراؤ شروع کردیا۔