جہان آباد (پریس ریلیز) حکومت بہار کی لسانی پالیسی کے تحت اردو زبان کے فروغ اور تشہیر کے لئے اردو ڈائرکٹوریٹ ،حکومت بہار کی ہدایت پر سبھی اضلاع میں ہر سال ضلع سطحی فروغ اردو سمینار ، مشاعرہ و اردو عمل گاہ کا انعقاد ہوتا ہے۔ اسی مقصدکے پیش نظر تاریخ27فروری 2025جمعرات کو11 بجے سے عبد الباری ٹائون ہال ، جہان آباد میں فروغ ِاردو سمینار، مشاعرہ اور ورکشاپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔تقریب میں پہلے مرحلے میں تین مقالہ خواں اردو زبان سے حوالے اپنا بیش قیمتی مقالہ پیش کریں گے جب کہ تین مندوبین اردو زبان کی اہمیت و افادیت اور مسائل و امکا نات پر اپنے خیالات پیش کریں گے۔طلبا وطالبات کی پیش کش کے تحت پانچ اسکولی طلبا و طالبات بھی اردو زبان کی اہمیت پر اپنی تقریر پیش کریں گے ۔ پھرمشاعرہ میں جہان آباد ضلع و اطراف سے تعلق رکھنے والے شعرا کرام اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کریں گے۔ تقریب کے آخر میں پٹنہ ضلع کے مختلف بلاک، سب ڈویزن اور کلکٹریٹ میں مامور اردو عملے کا ورکشاپ ہوگا۔ تقریب میںشریک مقالہ خواں، مندوبین اور شعرائے کرام کو مقررہ اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔ جب کہ بچوں کو نقد انعام دیا جائے گا۔ یہ باتیں محمد نیاز،ترجمہ افسر بشمول انچارج افسر،ضلع اردو زبان سیل ،کلکٹریٹ جہان آباد نے ایک پریس ریلیز جاری کرکے دی ہے۔ انہوں نے محبان اردو سے اپیل کی ہے کہ وہ اس تقریب میں شرکت فرما کر اردو دوستی کا ثبوت پیش کریں اور تقریب کو کامیابی سے ہمکنار کرنےمیں اپنی شرکت سے ہمیں اپنا تعاون دیں۔تقریب کی تیاریوں میں ڈاکٹر ریحانہ پروین،محمد شمیم، نرنجن کمار وغیرہ سرگرمی سے مصروف ہیں۔











