فلم ’برہماستر‘ کا باکس آفس پر کلیکشن شاندار ہے اور پہلے پانچ دنوں میں ہی اس نے 150 کروڑ روپے کی کمائی کر لی ہے۔ اس فلم کی کئی لوگ تعریف بھی کر رہے ہیں اور فلم میں کئی بڑے اداکاروں کے شامل ہونے کا فائدہ بھی ’برہماستر‘ کو مل رہا ہے۔ فلم کا سب سے بڑا پلس پوائنٹ شاہ رخ خان ثابت ہوئے ہیں اور ان کے ذریعہ نبھائے گئے ’وانر استر‘ کے کردار کو لوگ بہت پسند کر رہے ہیں۔ یہ کردار لوگوں کو اتنا دلچسپ اور شاندار لگ رہا ہے کہ ہدایت کار ایان مکھرجی سے اس کا الگ سے ’اسپن آف‘ بنانے کا مطالبہ شروع ہو گیا ہے۔ اس طرح کے بڑھتے مطالبات کے مدنظر ایان مکھرجی کا رد عمل بھی سامنے آیا ہے جو شاہ رخ خان کے شیدائیوں کے لیے بہت خوش آئند ہے۔
ایک میڈیا چینل سے بات چیت کے دوران ایان مکھرجی نے شاہ رخ کے کیمیو کردار اور وانر استر پر کھل کر بات چیت کی۔ انھوں نے کہا کہ وہ ’وانر استر‘ پر الگ سے فلم بنانے پر غور کر رہے ہیں۔ وانر استر پر شاہ رخ کو لے کر پٹیشن سائن کرنے والی بات پر ایان کہتے ہیں کہ ’’میں چاہتا تھا کہ شاہ رخ کو اس فلم میں سرپرائز کی ہی طرح رکھوں۔ لوگ تھیٹر میں یہ سوچ کر پہنچیں کہ رنبیر کپور ہیرو ہے اس فلم کا، اور انٹری سین میں ان کا سامنا شاہ رخ خان سے ہو جائے تو وہ حیران رہ جائیں۔ ابھی بھلے سوشل میڈیا پر پٹیشن اور اسپن آف کی بات ہو رہی ہو، لیکن میں سچ کہہ رہا ہوں، شوٹنگ کے دوران ہماری ٹیم بھی چاہتی تھی کہ وانر استر پر ایک الگ فلم بنائی جائے۔‘‘
ایان مکھرجی کا کہنا ہے کہ اگر فلم کو گہرائی کے ساتھ دیکھا جائے تو پتہ چلے گا کہ شاہ رخ کے سبھی مناظر کا انداز پوری فلم سے کچھ مختلف ہے۔ شاہ رخ کا کردار اس فلم میں ہیروئک بھی ہے۔ یہ واقعی انتہائی دلچسپ ہوگا اگر وانر استر پر علیحدہ فلم بنائی جائے۔ اگر ہم اس کے اسپن آف کی بات کریں تو شاید بنا بھی سکتے ہیں۔ بس پروڈیوسرز تک یہ بات پہنچنی چاہیے اور وہ بھی اس میں دلچسپی لیں۔
بات چیت کے دوران ایان مکھرجی نے یہ بھی بتایا کہ ابھی تک وانر استر پر فلم کے بارے میں کچھ بھی منصوبہ نہیں ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ شاہ رخ خان سے بھی اس سلسلے میں کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ لیکن یہ اچھی بات ہے کہ فلم ناظرین برہماستر دیکھ کر وانر استر والے کردار کو پسند کر رہے ہیں۔