کشن گنج، یکم جون (یواین آئی) دی پلورلز پارٹی کی قومی صدر پشپم پریا چودھری نے اتوار کو خصوصی ریاست کے معاملے پر بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ ہونے کے باوجود مسٹر کمار اپنے اتحادی ساتھی کے ساتھ ریاست کو خصوصی درجہ دینے کی بات نہیں کرتے ہیں۔
مسزچودھری اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پارٹی کی پرجوش’مہایان یاترا‘ کے تحت اتوار کو کشن گنج پہنچیں، جہاں انہوں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے وژن اور انتخابی حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا،دی پلورلز پارٹی بہار کی ترقی اور جامع سیاست کے لیے پرعزم ہے۔ ہمارا مقصد بہار کو ایک نئی سمت دینا ہے، جہاں ہر طبقے کی آواز سنی جائے۔ مہایان یاترا کے ذریعے ہم لوگوں کے درمیان جاکر ان کے مسائل سمجھیںگے اورحل پیش کریں گے۔“ خصوصی ریاست کے معاملے پر سوال پوچھے جانے پر دی پلورلز پارٹی کی قومی صدر نے کہا کہ مجھے تو یاد نہیں ہے کہ نتیش کمار نے کبھی بھی بی جے پی کے ساتھ رہتے ہوئے خصوصی ریاست کے مطالبے کی بات کی ہو۔ آپ بھی جانتے ہیں کہ خصوصی ریاست کا مسئلہ نتیش کمار کی سیاسی چال کے سوا کچھ نہیں ہے۔ اگر انہیں اتنی فکر ہوتی تو یہ لوگ کہتے نہیں۔ جب آپ ساتھ میں ہوتے ہیں تو اس مسئلے پر بات کیوں نہیں کرتے ہیں۔ اگر آپ اس پر بحث کرتے تو آپ اب تک یہ کر چکے ہوتے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ذہنی حالت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی حالت دھیرے دھیرے مزید تیزی سے خراب ہورہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2020 میں ان کی پارٹی نے ہی بہار میں تبدیلی کی شروعات کی تھی۔ انہوں نے جنسوراج کا نام لئے بغیر کہا کہ اب کئی پارٹیوں کے لوگ بھی دیکھا دیکھی تبدیلی کی بات کرتے ہیں۔