پٹنہ، 14 جون ، سماج نیوز سروس: وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج فیتہ کاٹ کر بہار ٹیکسٹائل اینڈ لیدر پالیسی 2022 کے تحت بیلہ انڈسٹریل ایریا مظفر پور میں اعلیٰ معیار کے بیگ مینوفیکچرنگ کے نئے صنعتی یونٹ(کوسمس لائف اسٹائل پرائیویٹ لمیٹیڈ ) کا افتتاح کیا۔ افتتاح کے بعد وزیراعلیٰ نے فیکٹری کا معائنہ کیا۔یہاں پر بیگ کی تیاری کا کام بھی دیکھا اور کام کرنے والے لوگوں سے بات کی اور پورے سسٹم کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ یہاںکام کرنے والے لوگوں نے وزیر اعلیٰ کو بیگ کی کٹنگ، سلائی وغیرہ کے بارے میں بتایا۔وزیراعلیٰ نے یہاں تیار ہونے والے بیگ کو بھی دیکھا اور اس کی تعریف کی۔اس کاموں میں مصروف لوگوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم سرمایہ کاروں کو ریاست میں صنعتی اکائیاں قائم کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ بہار انڈسٹریل انویسٹمنٹ پروموشن پالیسی بنائی گئی ہے، جس میں سرمایہ کاروں کی سہولتوں کا خیال رکھا گیا ہے۔ آج اس صنعتی یونٹ کا افتتاح کر دیا گیا ہے، جس میں مختلف قسم کے اعلیٰ معیار کے بیگ تیار کیے جا رہے ہیں۔ یہاں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی بیگ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے صنعتی یونٹ کے قیام سے آس پاس کے لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور انہیں مالی مدد ملے گی جس سے یہ علاقہ معاشی ترقی کا باعث بنے گا۔ ہم نوجوانوں کی روزگار کے لیے حوصلہ افزائی کر رہے ہیں اور انہیں سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔واضح ہو کہ اس صنعتی یونٹ میں تقریباً 1200 افراد کو روزگار کے مواقع مل رہے ہیں جن میں سے 40 فیصد خواتین ہیں۔ بہار ٹیکسٹائل اینڈ لیدر پالیسی، 2022 کے تحت اس صنعتی یونٹ کو کل 05 ایکڑ زمین دستیاب کرائی گئی ہے، جس پر کل 37 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرکے پلانٹ قائم کیا گیا ہے۔ معائنے کے دوران مظفر پور ضلع کے انچارج نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا، وزیر سیاحت مسٹر راجو کمار سنگھ، پنچایتی راج کے وزیر مسٹر کیدار پرساد گپتا، سابق وزیر مسٹر رامسورت رائے کے علاوہ کوسمس لائف اسٹائل پرائیویٹ لمیٹیڈ کے مسٹر صدیقی بھی موجود تھے۔