پٹنہ، 11 جون :وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج پٹنہ میٹرو ریل پروجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے پکڑی اور بھوت ناتھ میٹرو اسٹیشن کے زیر تعمیر کاموں کے سائٹ کا معائنہ کیا۔معائنہ کے دوران شہری ترقیات اور رہائش محکمہ کے سکریٹری مسٹر ابھے کمار سنگھ نے سائٹ کے نقشہ کے ذریعہ پٹنہ میٹرو ریل پروجیکٹ تحت پرایوریٹی کوریڈور (ملاہی پکڑی سے پاٹلی پترا بس ٹرمینل) میں زیر تعمیر کاموں کی پیشرفت اور تازہ ترین صورتحال کے بارے میں سائٹ کے نقشے کے ذریعے تفصیلی جانکاری دی۔ ابھے کمار سنگھ نے وزیر اعلیٰ کوملاہی پکڑی میٹرو اسٹیشن پر چلنے والی سیڑھی ، ٹکٹ کاؤنٹر، مسافروں کی سہولت، عوامی ایریا، پیڈ ایریا، لفٹ، پلیٹ فارم تک جانے کا راستہ اور دیگر ضروری سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے بتا یا کہ ملاہی پکڑی سے کھیمنی چک ،بھوت ناتھ روڈ ، زیرو مائل ،پاٹی پترا بس ٹرمینل تک پٹنہ میٹرو ریل لائن (کل 6.20 کلومیٹر) کو ترجیحی بنیاد پرتعمیراتی کام کو مکمل کر نے کا نشانہ رکھا گیا ہے ۔ اس کے چلانے کے لیے بہار حکومت نے 115.10 کروڑ روپے فراہم کیے ہیں۔ اس لائن کو 15 اگست 2025 تک شروع کرنے کا ہدف ہے۔
معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ نے افسران کو پٹنہ میٹرو کے تعمیراتی کام میں تیزی لانے کی ہدایت دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے پٹنہ میٹرو ریل پروجیکٹ کا فارمیٹ بہتر انداز میں تیار کیا ہے۔ ہم اس کے تعمیراتی کاموں کا مسلسل معائنہ کر رہے ہیں۔ ہم نے حکام کو مسلسل ہدایت دی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تعمیراتی کام میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ پٹنہ میٹرو ریل پروجیکٹ کو وقت پر مکمل کریں تاکہ لوگوں کو آنے جانے میں آسانی ہو۔
پروگرام کے دوران شہری ترقیات اور رہائش کے وزیر جیویش کمار اور شہری ترقیات اور رہائش محکمہ کے سکریٹری ابھے کمار سنگھ نے پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا۔