بھاگلپور، 12 جون (یواین آئی) بہار کے چیف الیکٹورل آفیسر ونود گنجیال نے جمعرات کو بھاگلپور ضلع کے تمام الیکٹورل رجسٹریشن افسروں اور ہر اسمبلی کے پانچ۔پانچ بی ایل او کے ساتھ ووٹر لسٹ کے سلسلے میں میٹنگ کی اور ضروری ہدایات دیں۔چیف الیکٹورل آفیسر مسٹر گنجیال کی صدارت میں آج ضلع کلکٹریٹ کی جائزہ عمارت میں منعقدہ میٹنگ میں ووٹر لسٹ میں شامل اور حذف کئے گئے ووٹروں کی فہرست کا اسمبلی وار جائزہ لیا گیا۔ جائزے میں پتہ چلا کہ بھاگلپور کے ووٹروں کی جنس کا تناسب 980 ہے اور 18 سے 19 سال کے ووٹروں کے 40161 نام شامل کیے گئے ہیں اور 20 سے 29 سال کے 482235 ووٹرز ہیں۔جائزہ کے دوران، مسٹر گنجیال نے تمام الیکٹورل رجسٹریشن افسران اور بی ایل اوز کو ووٹر لسٹ میں نام شامل کرنے اور حذف کرنے کے دوران زمینی سطح پر تصدیق کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بڑی تعداد میں نام شامل یا حذف کیے گئے ہیں وہاں توجہ کی ضرورت ہے۔ الیکشن سے قبل ایک خصوصی مختصر نظر ثانی کا پروگرام چلایا جائے گا جس میں ہر قسم کی غلطیوں کو درست کرنا ہوگا۔ اگر کوئی غلطی پائی گئی تو متعلقہ بی ایل او اور الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر کے خلاف ضرور کارروائی کی جائے گی۔چیف الیکشن آفیسر نے کہا کہ اس بار الیکشن کے لیے ٹریننگ دیتے وقت تمام پریذائیڈنگ افسران سے ای وی ایم میں 100-100 کا ڈیمو پول کروایاجائے گا جس کی ویڈیو ریکارڈنگ کی جائے گی۔ اس موقع پر گنجیال نے سویپ کے سیلفی مقام پر اپنی تصویر بھی کلک کروائی۔ میٹنگ میں ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر پردیپ کمار سنگھ، سب ڈویژنل آفیسر نوگچھیا ریتو راج پڑتاپ سنگھ، ایڈیشنل کلکٹر دنیش رام، ڈپٹی الیکشن آفیسر شویتا کماری وغیرہ موجود تھے۔