پٹنہ ،سماج نیوز سروس:ایم ایل سی ڈاکٹر خالد انور نے کہا ہے کہ حکومت بہار کا بجٹ 27-2026ہر لحاظ سے بہتراور متوازن بتاتے ہوئے اسے بہار کے لئے امید کا بجٹ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں خواتین اختیار کاری، نوجوانوں کو روزگار اور کسان کی ترقی کے ساتھ ساتھ ہر ایک باشندگان کے مفاد کا خیال رکھا گیا ہے ۔ آج بہار ودھان پریشد میں معزز گورنر کے خطبہ پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بہار کو ایسے دلدل اور تاریکی سے نکال کراس بلندی پر پہنچایا ہے اور دنیا کے سامنے لا کھڑا کیا ہے جس کا تصور کوئی عام انسان نہیں کر سکتا تھا۔ آج بہار کا جی ڈی پی ساڑھے 13 فیصد پر پہنچ گیا ہے جب کہ 2005 میں یہ محض 0.6 پر تھا۔ بجٹ میں 5 نئے ایکسپریس وے،تمام سنگل لین سڑکوں کو ڈبل کرنے کی تجویز بھی قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں خاص طور پر نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے پر توجہ دی گئی ہے۔ صنعتی شعبے میں بڑے پیمانے پر نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے روڈ میپ پیش کیا گیا ہے۔ 50 لاکھ کروڑ مالیت کی نجی سرمایہ کاری کی تلاش کی جا رہی ہے، جس سے لاکھوں ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ حکومت نے اگلے پانچ سالوں میں 1 کروڑ نوجوانوں کو سرکاری اور نجی شعبے میں روزگار فراہم کرنے کا مشن شروع کیا ہے۔صرف اس سال 20 لاکھ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا منصوبہ ہے۔اس مقصد کے لیے، ہر ضلع میں صنعتی علاقوں کو ترقی دینے کے لیے دوہزار کروڑ روپے کا التزام کیا گیا ہے جو قابل ستائش ہے ۔ ڈاکٹر خالد انور نے کہا کہ نتیش کمار دس بار وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے والے پہلے ہندوستانی لیڈر ہیں ،جن کو عالمی سطح پراتنا قبول کیا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ کا نام ورلڈ بک آف ریکارڈ ز لندن میں درج کیا گیا ہے ۔ اتنی بڑی حصولیابی کیلئے میں ایوان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ ایک مبارکباد کی تجویز منظور کی جائے اوروزیر اعلیٰ نتیش کمار کو مبارکباد دی جائے ۔












