ممبئی،پریس ریلیز،ہمارا سماج:13/7/ ممبئی سلسلہ وار بم دھماکہ مقدمہ کی سماعت بامبے ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد سے تیزی سے جاری ہے، ہفتہ میں دو سے تین دن مقدمہ کی سماعت ممبئی میں واقع خصوصی مکوکا عدالت میں ہورہی ہے جہاں استغاثہ سرکاری گواہان کو گواہی کے لیئے طلب کررہا ہے۔ خصوصی مکوکا عدالت ک ابتک 197/سرکاری گواہان کی گواہی قلمبند کی ہے جبکہ مزید دو سو گواہان کی گواہی ہونا باقی ہے۔اس مقدمہ کا سامنا کررہے ملزمین کو جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی نے قانونی امداد فراہم کی ہے اور ملزمین کے دفاع میں ایڈوکیٹ عبدالوہاب خان، ایڈوکیٹ شریف شیخ، ایڈوکیٹ حسنین قاضی، ایڈوکیٹ گورو بھوانی و دیگر کی تقرر ی کی ہے جو سرکاری گواہان سے جرح کررہے ہیں۔ابتک جن سرکاری گواہان کی گواہی عمل میں ا ٓئی ہے اس میں پنچ گواہ، زخمی،ملزمین کے مبینہ اقبالیہ بیانات کا اندراج کرنے والے ڈپی کمشنر آف پولس،فارینسک سائنس ایکسپرٹ و دیگر شامل ہیں، اس ضمن میں آج ممبئی میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ ایک لمبا عرصہ گذر جانے کے باوجود ابتک مقدمہ کی سماعت مکمل نہیں ہوسکی ہے نیز گذشتہ ہفتہ بامبے ہائی کورٹ کی جانب سے ندیم اختر کی ضمانت منظور ہونے کے بعد دیگرملزمین کی ضمانت پر رہائی کے لیئے لائحہ عمل تیا ر کیاجارہا ہے۔ مولانا حلیم اللہ قاسمی نے مزید کہا کہ ہائیکورٹ کی سخت ہدایت کے باوجود استغاثہ عدالت میں ملزمین کے خلاف گواہی دینے کے لیئے گواہان کو پیش کرنے میں ناکام رہا ہے لہذا اسی کو بنیاد بناکر دیڑھ دہائی سے جیل کی صعوبتیں برداشت کرنے والے ملزمین کی رہائی کے لیئے کوشش کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ابتک اس معاملے میں صرف دو ملزمین کفیل احمد اور ندیم احمد کی ضمانتیں ہی ہائی کورٹ سے منظور ہوسکی ہے۔واضح رہے کہ ملزمین پر عروس البلاد ممبئی کے تین مختلف مقامات اوپیر اہاؤس، زاویری بازار اور دادرمیں سال 2011/ میں ہوئے بم دھماکہ معاملہ بنام 13/7 ممبئی سلسلہ وار بم دھماکہ میں ملوث ہونے کا الزام ہے، ان تینوں بم دھماکوں میں 26/ لوگوں کی موت اور 130/ افراد زخمی ہوئے تھے۔استغاثہ نے ملزم کفیل احمد سمیت دیگر تمام گیارہ ملزمین کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 302,307,326,325,324,379,109,120-B,اورغیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون، دھماکہ خیز مادہ کے قانون اور مکوکا قانون کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ چارج فریم کیا تھا۔ اس معاملے کا سامنا کررہے ملزمین نقی احمد وصی احمد، ندیم اختر اشفاق شیخ، ہارون عبدالرشید نائیک،کفیل احمد محمد ایوب انصاری، سید اسماعیل آفاق علیم لنکا، صدام حسین فیروز خان، زین العابدین عبدالرزاق کو جمعیۃ علماء مہاراشٹر قانونی امداد کمیٹی قانونی امداد فراہم کررہی ہے۔












